قاتل نے مذہب کی توہین کی:شہباز

- مصنف, علی سلمان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، لاہور
صوبہ پنجاب کے مقتول گورنر سلمان تاثیر کے صاحبزادے شہباز علی تاثیر نے کہا ہے کہ انہیں شاید اس زندگی میں انصاف نہ ملے لیکن پاکستان کو ضرور انصاف ملے گا۔
بی بی سی اردو سے ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے اپنے والد کے قتل کے ملزم کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’مجھے کسی کی موت سے اطمینان نہیں ہوگا، مجھے میرے والد کے کام کو آگے لے جانے سے سکون ملے گا۔‘
<link type="page"><caption> </caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2011/01/110110_shahbaz_ali_taseer_zz.shtml" platform="highweb"/></link><link type="page"><caption> شہباز تاثیر کا انٹرویو</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/multimedia/2011/01/110111_shabaz_taseer_mas.shtml" platform="highweb"/></link>
<link type="page"><caption> </caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/multimedia/2011/01/110111_shabaz_taseer_mas.shtml" platform="highweb"/></link>شہباز علی تاثیر نے کہا کہ ہمارے مذہب میں قتل منع ہے جو بے گناہ انسان کو قتل کرتا ہے وہ دراصل مذہب کی توہین کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’جو لوگ ایسا کرتے ہیں وہ کریں انہیں بھی جواب دینا ہوگا ایک دن دیکھیں انہیں اوپر کون ہار پہناتا ہے۔دوسری زندگی میں کوئی ہار نہیں پہنائے گا ایسے انسان کو ۔۔۔۔۔انہوں نے مذہب کی توہین کی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم صبر کرنے والے لوگ ہیں ہم اپنے پیاروں کی شہادتیں مناتے ہیں‘۔
مقتول سلمان تاثیر کے صاحبزادے نے کہا کہ پہلے انہیں بہت دکھ ہوا کہ ان سے ان کے دوست جیسے والد کو چھین لیا گیا لیکن اب وہ فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ ان کے والد بہت بہتر جگہ پر ہیں۔’وہ بہت بڑے انسان تھے اور مجھےان کا بیٹا ہونے پر فخر ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ان کے والد انسانوں اور غریبوں کے حق کے لیے لڑ رہے تھے۔جو لوگ سمجھتے ہیں وہ بات انہوں نے کی ہی نہیں تھی۔وہ تو انسانوں کے لیے لڑ رہے تھے۔ وہ ایک غریب عورت آسیہ بی بی کے بارے میں کہتے تھے کہ اس نے کچھ نہیں کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شہباز علی تاثیر نے کہا کہ ان کے والد جس بات کو درست سمجھتے تھے اس سے پیچھے نہیں ہٹتے تھے، وہ کہتے تھے ’میں نے خدا کو جواب دینا ہے کسی انسان کو جوابدہ نہیں ہوں۔میں وہ نہیں کرسکتا جو میرا ضمیر نہ کہتا ہو‘۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اب ان کے خون میں شامل ہے ان کی اولاد کاروبار میں بھی اور سیاست میں بھی ان کے خدمت کے کام کو آگے بڑھائے گی۔







