بینظیر قتل:’تحقیقات کا دائرہ وسیع ہوگا‘

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشن بینظیر بھٹو کو سال دو ہزار سات میں راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ایک خودکش حملے میں قتل کیا گیا تھا
    • مصنف, عزیز اللہ خان
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

پاکستان پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں سابق وزیرِاعظم بے نظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پیر کو رات گئے اسلام آباد میں منعقدہ یہ اجلاس صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں منعقد ہوا اور اس میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کر کے قتل کی اس سازش میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے بارے میں صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ قتل کی تحقیقات اقوام متحدہ کے کمیشن کی رپورٹ کے تناظر میں کی جائے گی۔

وفاقی وزیرِ داخلہ رحمان ملک نے اجلاس کو بینظیر قتل کی تحقیقات کرنے کے لیے وزیر اعظم کی جانب سے قائم کی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی پیش رفت کے بارے میں بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی مزید افراد سے پوچھ گچھ کے بعد وزیراعظم کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

اس سے پہلے پیر کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعظم یوسف رصا گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ بے نظیر بھٹو کے قتل میں ملوث افراد سزا سے بچ نہیں سکتے۔