نوشہرہ: آئل ٹینکروں میں آتشزدگی سے لاکھوں لیٹر پٹرول جل گیا، ابتدائی رپورٹ صوبائی حکومت کو پیش کر دی گئی

نوشہرہ آتشزدگی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشننو شہرہ میں آتشزدگی کے واقعے میں لاکھوں لیٹر پیٹرول جل گیا

خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں گزشتہ روز پارکنگ میں کھڑے آئل ٹینکروں میں آتشزدگی کے واقعے کی ابتدائی صوبائی حکومت کو پیش کر دی گئی ہے۔

گزشتہ روز نوشہرہ میں تاروجیہ آئل ڈپو میں کھڑے درجنوں آئل ٹینکرز کو آگ لگ گئی تھی اور ان میں موجود 18لاکھ 80 ہزار لیٹر تیل جل کر دھواں ہو گیا تھا۔

اتوار کے روز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ قراة العین وزیر کی زیر صدارت آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے منیجرز کا اجلاس ہوا جس میں تارو جبہ میں ہونیوالے آتشزدگی سے نقصانات اور اس کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

نوشہرہ ضلع انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے منیجرز نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو آگ سے ہونیوالے نقصانات اور مارکیٹ سپلائی اثرات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیئے

،ویڈیو کیپشنبہاولپور: آئل ٹینکر میں آتشزدگی

واقعے کی ابتداٸی رپورٹ صوبائی حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے۔

ابتدائی رپوٹ کے مطابق سنیچر کو دن کے چار بجے کے قریب پبی کے علاقے تاروجبہ میں نجی پارکنگ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس نے نجی پارکنگ میں کھڑے آئل ٹینکروں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔کراچی اور دیگر بڑے شہروں سے روزانہ کی بنیاد پر تیل سے بھرے ٹینکرز تاروجبہ آئل ڈپو آتے ہیں۔

تیل سے بھرے یہ ٹینکرز ڈپو میں خالی ہونے کے لیے مقامی نجی پارکنگ میں کھڑے کیے جاتےہیں جہاں یہ اپنی باری کا انتظار کرتے ہیں۔آئل ڈپو تاروجبہ کے مطابق اس واقعے میں پاکستان سٹیٹ آئل کا 16لاکھ لیٹر جبکہ ٹوٹال پارکو کا تقریباً 2 لاکھ 80 ہزار لیٹر جل گیا ہے۔

نوشہرہ آتشزدگی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشننوشہرہ ضلعی انتظامیہ کے مطابق پینتالیس گاڑی جل گئی ہیں

مجموعی طور 18 لاکھ 80 ہزار لیٹر تیل جل گیا جبکہ مجموعی طور پر 45 کے قریب گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔تاروجبہ آئل ڈپو انتظامیہ کے مطابق واقعہ سے تیل کی سپلاٸی اور سٹاک پر کوٸی اثر نہیں پڑے گا اور عید کے چھٹیوں میں پٹرول سٹیشنز پر وافر مقدار میں پٹرول اور ڈیزل دستیاب ہو گا۔