شدید گرمی کی حالیہ لہر اور لوڈشیڈنگ سے تنگ عوام: ’درجہ حرارت 42 ڈگری اور لوڈشیڈنگ لیکن آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جیسے ہی آسمان پر بادل چھاتے ہیں اور بارش کی دو بوندیں زمین پر گرتی ہیں تو سوشل میڈیا پر رومانوی طبیعت کے مالک صارفین کچھ ایسے کمنٹری کا آغاز کر دیتے ہیں کہ نہ چاہتے ہوئے بھی دل چاہتا ہے کہ انھیں ’محکمہ موسمیات‘ میں بھرتی کرا دیا جائے۔
ایسا ہی کچھ گذشتہ چند روز سے بھی ہو رہا ہے لیکن اس بار موضوع بحث موسم کی دلکشی نہیں بلکہ موسم کی بے رخِی ہے۔
’ہائے گرمی!‘ ’اس بار کچھ زیادہ ہی گرمی پڑ رہی ہے، سانس نہیں لیا جا رہا۔۔۔‘ پاکستان کے سوشل میڈیا پر گرمی کے مارے صارفین کچھ ایسے ہی تبصرے کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
اور یہی نہیں، اس شدید گرمی سے تنگ لوگوں کے ساتھ ساتھ لوڈ شیڈنگ کے ستائے وہ صارفین بھی شامل ہیں جو بجلی کے انتظار میں اپنا زیادہ وقت تر سوشل میڈیا پر گزارتے اور آہ و بکا کرتے نظر آتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری تبصرے بعد میں پہلے ہم آپ کو موسم کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کرتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان میں موسم کی صورتحال
پاکستان میں محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات کو بھی ملک کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا اور اس دوران میدانی علاقے ’شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔‘
مگر ’جمعے سے پیر کے دوران ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش‘ کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب شہروں میں گرمی کی شدت بڑھنے کے بعد لوڈ شیڈنگ کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہTwitter/Hammad_Azhar
لوڈشیڈنگ کے بارے میں حکومتی مؤقف
وزارت توانائی نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ 'تربیلا اور منگلا (پاور پلانٹس) سے اس وقت 3300 میگاواٹ کم بجلی پیدا ہو رہی ہے جوکہ کچھ دنوں میں بحال ہو جائے گی۔
’اس وقت ملک کی کل بجلی کی طلب 24100 میگاواٹ جبکہ سسٹم میں موجود بجلی کی پیداوار 22600 میگاواٹ ہے۔ شارٹ فال 1500 میگاواٹ ہے۔ بجلی صارفین سے بجلی استعمال میں اعتدال کی گزارش ہے اور عارضی لوڈمنیجمنٹ بوجہ سسٹم کی حفاظت کے لیے معذرت خواہ ہیں۔‘
وزیر توانائی حماد اظہار نے وضاحت پیش کی ہے کہ 'چند پلانٹس کی تکنیکی بندش کے باعث گذشتہ 48 گھنٹوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوئی ہے جسے دور کرنے کے لیے متبادل ذرائع سے 1100 میگاواٹ بجلی مہیا کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں۔‘
’جبکہ تربیلا سے تین ہزار میگاواٹ بجلی چار سے چھ روز میں نظام میں واپس شامل ہوجائے گی۔‘
دوسری جانب نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک سمیت بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں (ڈسکوز) سے وضاحت طلب کر لی ہے۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/MoWP15
وزارتِ توانائی کے سرکاری اکاونٹ سے جاری ہونے والی تازہ ترین ٹویٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ ضروری اقدامات کی وجہ سے ملک میں بجلی کا خسارہ کم ہو گیا ہے اور تربیلا کا ٹنل 3 بھی فعال کر دیا گیا ہے جس سے بجلی کی جنریشن اب آہستہ آہستہ بڑھ رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
سوشل میڈیا پر ردعمل
صارف مریم ملک لکھتی ہیں: ’شدید گرمی۔۔۔ سانس بھی لینا محال۔۔۔ دن کو سورج کی تپش نے جھلسایا تو رات کو واپڈا نے ستایا۔۔۔ عین آنکھ لگتے ہی بجلی غائب۔۔۔ کوئی تو روک لو۔‘
زکی اللہ نامی صارف نے وزیراعظم پاکستان عمران خان پر طنز کرتے ہوئے لکھا: ’درجہ حرارت 42 ڈگری اور لوڈشیڈنگ لیکن آپ نے گھبرانا نہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہWTwitter/@zakiullah877
محمد ریاض نامی صارف نے لکھا: ’مسلسل لوڈشیڈنگ نے ملک کو روشن پاکستان بنا دیا ہے۔‘
حسن نامی صارف نے لکھا: ’مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ کیا ہے کیونکہ ایک یا دہ ماہ پہلے خبر تھی کہ پاکستان میں بجلی کی زیادہ پیداوار کی جا رہی ہے۔‘
ایمن کھوسہ نامی صارف نے وزیراعظم عمران خان کو دوبارہ سے آن لائن کلاسز شروع کروانے کی تجویز دی۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شدید گرمی کے ساتھ ساتھ بجلی نہ ہونے کے باعث گورنمنٹ فیڈرل سکول میں 25 بچے بے ہوش ہو گئے تھے۔ جس کے بعد صارفین دوبارہ سے تعلیمی ادارے بند کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@IIaichinBiryani
گرمی کی شدت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ کچھ صارفین تو گرمی کو مارنے کی دھمکیاں بھی دے رہے ہیں۔
حمیرا نامی ایک صارف نے لکھا: ’یا تو میں اس گرمی کو مار دوں گی یا یہ گرمی مجھے مار دے گی۔‘
گرمی کے اس عالم میں صحافی شیراز حسن اسلام آباد کے ان لوگوں کو تلاش کرتے نظر آئے جو سوشل میڈیا پر اپنے شہر کے موسم اور خوبصورتی کی دن رات تعریفیں کرتے نظر آتے ہیں۔
انھوں نے طنزیہ انداز میں لکھا: ’خوبصورت اسلام آباد‘ کی وہ ساری پوسٹس کہاں ہیں؟

،تصویر کا ذریعہTwitter/@ShirazHassan
جڑواں شہروں سے تعلق رکھنے والی عشنا نامی صارف نے لکھا: ’مجھے یاد نہیں پڑتا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کبھی اتنے گرم تھے۔‘
ایک اور ٹویٹ میں انھوں نے لکھا: ’کسی کو انٹرنیٹ پر ورچوئل جھپی دیتے ہوئے بھی گرمی لگ رہی ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہTwitter/@Lanaschild
لیکن ایسے میں کچھ صارفین کو شاعری اور جون ایلیا کی یاد بھی آئی۔
صحافی نزرانہ یوسفزئی نے صارفین سے پوچھا کہ اگر جان ایلیا گرمی پر شعر کہتے تو کیا کہتے۔۔۔؟
جس کے جواب میں صارفین نے ایک سے بڑھ کر ایک شعر پیش کیا۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@Nazranayusufzai
موسیٰ نامی صارف ابھی سے موسم سرما کی واپسی کی خواہش کرتے نظر آئے اور انھوں نے لکھا: ’میں ابھی سے چاہتا ہوں کے سردی آ جائے۔‘
ماہ نور نامی صارف نے لکھا: ’میرا خیال ہے کہ دل ٹوٹنا سب سے زیادہ تکلیف دہ ہوتا ہے لیکن اس بار گرمی زیادہ تکلیف دے رہی ہے۔‘
لیکن ایسا بھی نہیں کہ سب ہی شدید گرمی سے تنگ ہیں بلکہ چند ایک صارف اس سخت موسم میں بھی کوئی مثبت پہلو نکال لائے ہیں۔
اپنی زیادہ سونے کی عادت سے تنگ ایک صارف نے لکھا: ’اس گرمی کی وجہ سے ایک اچھی چیز یہ ہوئی کہ ان کے سونے کا دورانیہ 14 گھنٹے سے کم ہو کر چار گھنٹے ہو گیا۔‘











