شاہین شاہ آفریدی کی شاہد آفریدی کی بیٹی سے رشتے کی باتوں پر سوشل میڈیا صارفین خوشی سے نہال

شاہد آفریدی، شاہین آفریدی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

شاہد آفریدی پاکستان کے وہ آل راؤنڈر ہیں جنھیں کرکٹ کے اکثر شائقین پسند کرتے ہیں۔

اور اسی طرح شاہین شاہ آفریدی ہیں جنھیں ان کی خطرناک بولنگ اور سٹائل کے سبب بہت سراہا جاتا ہے۔

سنیچر کی شام سوشل میڈیا پر یہ موضوع زیرِ بحث رہا کہ شاہین شاہ آفریدی کی منگنی شاہد آفریدی کی صاحبزادی سے طے پا گئی ہے۔

اور یوں چہ مگوئیوں کا ایسا سلسلہ شروع ہوا کہ بالآخر لالہ کہلائے جانے والے شاہد آفریدی کو ٹوئٹر کا سہارا لینا ہی پڑا۔

یہ بھی پڑھیے

شاہد آفریدی نے اس بات کی تصدیق کی کہ شاہین آفریدی کے خاندان نے اُن کی بیٹی کے لیے اُن کے خاندان سے رابطہ کیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ دونوں خاندان رابطے میں ہیں اور جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں، اگر اللہ کی مرضی ہوئی تو یہ جوڑا بھی بن جائے گا۔

انھوں نے شاہین آفریدی کے کھیل اور زندگی میں کامیابی کے لیے بھی دعا کی۔

ٹوئٹر

،تصویر کا ذریعہTwitter/@iShaheenAfridi

اس کے کچھ ہی دیر بعد شاہین آفریدی نے ان کی ٹویٹ کے جواب میں شاہد آفریدی کا دعاؤں کے لیے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ پوری قوم کا فخر ہیں۔ شاہین آفریدی نے لکھا کہ اللہ سب کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔

بالآخر ان دونوں کھلاڑیوں کی ٹویٹس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کے ذہنوں میں جو سوالات اٹھ رہے تھے انھیں تو ایک بنیاد ملی، تاہم منگنی کی جو باتیں کی جا رہی تھیں وہ بھی کچھ حد تک تھم گئیں۔

ایک صارف ذکریا نے شاہد آفریدی کے شاہین آفریدی کے ہاتھوں بولڈ ہونے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شاہین آفریدی کو مشورہ دیا کہ آئندہ وہ شاہد آفریدی کو صرف چھکے والی گیند کرائیں۔

ٹوئٹر

،تصویر کا ذریعہTwitter/Zakr1a

عروج نامی صارف نے شاہین آفریدی کو مشورہ دیا کہ اب وہ شاہد آفریدی کو لالہ کے بجائے کچھ اور کہنے کی عادت ڈال لیں کیونکہ وہ ان کے ہونے والے سسر ہیں۔

ٹوئٹر

،تصویر کا ذریعہTwitter/@iTweeety_

صارف احمد علی نے لکھا کہ شاہین شاہ آفریدی ایک ہینڈسم اور زبردست شخصیت کے مالک ہیں اور اگر وہ شاہد آفریدی کی بیٹی کے شوہر بنے تو یہ دنیا کے سب سے خوبصورت جوڑوں میں سے ہو گا۔

ٹوئٹر

،تصویر کا ذریعہTwitter/@I_AM_AHMAD_ALI

ایک اور صارف فرحان خان نے لکھا کہ وہ وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر کے بعد اگر پاکستان سے کسی بولر کو پسند کرتے ہیں تو وہ شاہین آفریدی ہیں۔ انھوں نے دونوں کے لیے خوشیوں کی دعا کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اس اعلان سے بہت خوش ہیں۔

ٹوئٹر

،تصویر کا ذریعہTwitter/@dragoneyeskhan

صارف اقرا حفیظ نے شاہین آفریدی اور شاہد آفریدی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ داماد سٹار، سسر سوپر ڈوپر سٹار، یہ کتنا زبردست خاندان ہے۔

ٹوئٹر

،تصویر کا ذریعہTwitter/@iqrahoormakhan

تاہم کچھ لوگ ایسے بھی تھے جنھیں شاہد آفریدی اور شاہین آفریدی کی جانب سے اس معاملے پر عوامی بات کرنا زیادہ نہیں بھایا۔

ایک صارف زاہد محمود اعوان نے لکھا کہ وہ مانتے ہیں کہ اس کو خفیہ رکھنا چاہیے کیونکہ کچھ بے وقوف لوگ اس پر بہت توہین آمیز تبصرے بھی کریں گے۔ انھوں نے شاہین آفریدی کے رویے کی تعریف کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

ٹوئٹر

،تصویر کا ذریعہTwitter/@ZahidMahAwan