سانحہ مچھ: ہلاک ہونے والے ہزارہ متاثرین کی اجتماعی تدفین کر دی گئی، وزیراعظم عمران خان کی لواحقین سے تعزیت

عمران خان

،تصویر کا ذریعہPM Office

بلوچستان کے علاقے مچھ میں ہزارہ برداری سے تعلق رکھنے والے کان کنوں کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد ہزارہ ٹاؤن قبرستان میں ان کی اجتماعی تدفین کر دی گئی ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان بھی کوئٹہ پہنچ چکے ہیں۔

وزیر اعظم نے لواحقین سے تعزیت کی اور اپنے خطاب میں کہا کہ ’مجھے خوشی یہ ہے کہ آپ نے ہماری بات مانی اور شہیدوں کو دفنا دیا۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم سب آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘

وزیر اعظم نے تعزیت کے لیے پہلے نہ آنے کے اپنے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ وزیراعظم نہیں تھے تو یہاں آئے تھے۔ انھوں نے لواحقین سے کہا کہ ’آپ کو سمجھنا چائیے کہ وزیر اعظم کے لیے یہ اور چیز ہوتی ہے۔‘

عمران خان کے مطابق کوئی گارنٹی نہیں دے سکتا کہ کل ملک میں کہیں کوئی اور سانحہ ہو جائے۔

یہ بھی پڑھیے

وزیر اعظم کے مطابق انھوں نے پہلے اس وجہ سے اپنے وزرا اور مشیروں کو بھیجا تاکہ متاثرین کے لواحقی کو اعتماد دلایا جائے کہ ہم پوری طرح آپ کے پیچھے کھڑے ہیں۔

انھوں نے کہا وہ سب کچھ دیکھ رہے تھے اور انٹیلیجنس کے ساتھ مکمل رابطے میں تھے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حملہ آور پہلے لشکر جھنگوی کا حصہ تھے اور اب بعد میں یہ آئی ایس ایس کا حصہ بن گئے۔

مچھ

عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے ان میں سے کافی دہشتگردوں کو مار دیا ہے اور ابھی یہ 35 سے 40 لوگ ہیں، جن کا سکیورٹی فورسز تعاقب کر رہی ہیں۔

ان کے مطابق سیکورٹی فورسز میں ایک سیل بن رہا ہے جو ان کا پیچھا کرے گا۔

انھوں نے ہزارہ برادری کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت انھیں تحفظ دینے کی پوری کوشش کرے گی۔

بلیگ میلنگ کے الفاظ پر ہزارہ برادری کا وزیر اعظم سے احتجاج

وزیراعظم عمران سے ملاقات کے بعد ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے رہنما آغا رضا نے میڈیا کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے تمام مطالبات پر عملدرآمد کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ان کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم سے بلیک میلنگ والے جملہ پر احتجاج ریکارڈ کیا گیا۔

وزیراعظم نے وضاحت کی کہ بلیک مینلگ والا جملہ پی ڈی ایم کے قائدین سے متعلق کہا تھا۔ شہدا کے لواحقین کو فی کس 25 لاکھ روپے دیا جائے گا۔ان کے مطابق وزیر اعظم کو بڑا مان کر شہدا نے اس یقین دہانی کے لیے کوئٹہ بلایا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سانحہ مچھ اور صوبے میں امن و امان کے حوالے سے اجلاس میں گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، وفاقی وزرا شیخ رشید احمد، سید علی زیدی، علی امین گنڈاپور، معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، وزیر داخلہ ضیا لانگو، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی، آ ئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ، چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر اور اعلی سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

دھرنا

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنخواتین بھی اپنے بچوں سمیت بڑی تعداد میں دھرنے میں شریک ہیں

وزرا کی نماز جنازہ میں شرکت

کوئٹہ سے بی بی سی کے نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق نماز جنازہ میں بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، صوبائی و وفاقی وزرا اور قبائلی عمائدین کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد۔ نے شرکت کی۔

گذشتہ شب حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد مچھ میں ہلاک کیے جانے والے کان کنوں کی میتوں کو مغربی بائی پاس کے علاقے میں دھرنے کی جگہ سے ہزارہ ٹاؤن میں ولی عصر امام بارگاہ منتقل کیا گیا تھا۔

یاد رہے گذشتہ سنیچر بلوچستان کے علاقے مچھ میں کوئلہ فیلڈ میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے کم از کم دس کان کنوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ جس کے بعد ہلاک ہونے والوں کے لواحقین نے میتوں سمیت کوئٹہ کے مغربی بائی پاس کے علاقے میں ایک احتجاجی دھرنا دیا جو شدید سردی میں چھ روز تک جاری رہا۔

کوئٹہ

گذشتہ شب قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے دھرنے کے مقام پر گفتگو میں بتایا تھا کہ جیسے ہی مقتولین کی تدفین ہو گی وزیراعظم، آرمی چیف کے ہمراہ کوئٹہ کے لیے روانہ ہوں گے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا بھی یہی کہنا تھا کہ میتوں کی تدفین پر رضامندی کا اظہار کیا گیا ہے اور اب وزیراعظم کوئٹہ جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف ابھی بحرین سے ملک واپس پہنچے ہیں وہ ابھی وزیراعظم کے ہمراہ جائیں گے یا نہیں انھیں معلوم نہیں۔

خیال رہے کہ دھرنے کے شرکا نے میتوں کی تدفین کو وزیر اعظم کی آمد سے مشروط کیا تھا تاہم گذشتہ شب مذاکرات کے نتیجے میں انھوں نے اس شرط میں نرمی کرتے ہوئے ان کی آمد سے پہلے ہی تدفین کا اعلان کیا تھا۔

مذاکرات کے بعد وفاقی وزیر علی زیدی نے بتایا تھا کہ دھرنے کے شرکا کے مطالبات کو تسلیم کرلیا گیا ہے۔

کوئٹہ میں دھرنے کے اختتام پر ہزارہ متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے دارالحکومت اسلام آباد اور کراچی سمیت، مختلف شہروں میں منعقد کیے جانے والے احتجاج اور دھرنے بھی ختم کر دیے گئے ہیں۔

مچھ

’کسی بھی ملک کے وزیرِ اعظم کو اس طرح بلیک میل نہیں کرتے‘

اس سے قبل جمعے کی صبح پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ اگر ہزارہ برادری مچھ میں قتل ہونے والے اپنے 11 افراد کی تدفین کر دیں تو وہ آج ہی کوئٹہ جائیں گے مگر ’بلیک میلنگ‘ میں نہیں آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے انھیں یہ پیغام پہنچایا ہے کہ جب آپ کے سارے مطالبات مان لیے ہیں، تو یہ مطالبہ کرنا کہ ہم وزیرِ اعظم کے نہ آنے تک نہیں دفنائیں گے، تو کسی بھی ملک کے وزیرِ اعظم کو اس طرح بلیک میل نہیں کرتے۔‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ اس طرح ہوا تو کل کو ہر کوئی ملک کے وزیرِ اعظم کو بلیک میل کرے گا جس میں ان کے مطابق سب سے پہلے ملک کی اپوزیشن جماعتیں ہوں گی۔

’میں نے انھیں کہا ہے کہ جیسے ہی آپ انھیں دفنائیں گے تو میں کوئٹہ آؤں گا اور لواحقین سے ملوں گا۔ آج اس پلیٹ فارم سے دوبارہ کہہ رہا ہوں کہ اگر آپ آج دفنائیں گے تو میں آج کوئٹہ جاؤں گا۔‘

وزیر اعظم نے ہزارہ برادری کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ وہ کئی سانحات کے بعد ان کے پاس گئے بھی ہیں اور انھوں نے ان کا خوف بھی دیکھا ہوا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان یہ مطالبہ ناقابلِ فہم ہے کہ وزیرِاعظم آئیں گے تو دفنائیں گے۔

وزیر اعظم

،تصویر کا ذریعہPM Office

دوسری جانب وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پچھلے چند مہینوں میں چار ایسے گروہ پکڑے ہیں جو شیعہ سنی فساد کروانے کے لیے دونوں مسالک کے علما کو قتل کرنا چاہتے تھے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان ہزارہ قبیلے سے ایک خاص ہمدردی رکھتے ہیں اور عمران خان کے کوئٹہ جانے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے تاہم وہ چاہتے ہیں کہ جب وہ جائیں تو تدفین ہوچکی ہو تاکہ تمام باتیں تفصیل اور خوشدلی کے ساتھ مثبت طریقے کے ساتھ ہوں اور فیصلہ کُن اقدامات کیے جا سکیں۔

انھوں نے کہا کہ انھوں نے ایف سی کو پہلے ہی علاقے کی بڑے پیمانے پر تلاش کے لیے حکم دیا ہے تاکہ ان مجرموں کو سزا دی جا سکے جنھوں نے کان کنوں کو اور پاکستانی فوج کے اہلکاروں کو چند عرصہ قبل ہلاک کیا۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میتوں کو احترام کے لحاظ میں دیکھنا چاہیے اور ان کی تدفین کر دینی چاہیے۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ حکومت نے اس حوالے سے تمام علما کرام، سکالرز اور مجلس وحدت المسلمین سے تعاون مانگا ہے۔

ہزارہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مظاہرین کے تمام مطالبات مان لیے گئے ہیں، ڈی سی اور ڈی پی او کو معطل کر دیا گیا ہے مگر ان کا بلوچستان حکومت کے خاتمے کا مطالبہ ان کی وزارت کے دائرہ اختیار میں نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دھرنے کے مقام پر اگر وزیرِ اعظم وہاں گئے اور لوگوں کے مجمعے کو وزیرِ اعظم کی سکیورٹی کی وجہ سے دور کیا گیا تو بدمزگی پیدا ہو سکتی ہے، اس لیے ’بہتر طریقے اور سلیقے سے جانا بھی‘ ہماری جستجو ہے۔

یاد رہے مچھ میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے کان کنوں کے قتل کے خلاف احتجاجی دھرنا کوئٹہ کے مغربی بائی پاس کے علاقے میں چھ دن جاری رہا اور شدید سردی کے باوجود مردوں کے ساتھ خواتین نے بھی بچوں سمیت بڑی تعداد میں اس دھرنے میں شرکت کی۔