کراچی سپر ہائی وے پر وین حادثہ، کم از کم 12 افراد ہلاک ہو گئے

،تصویر کا ذریعہSindh Govt
پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں سپر ہائی وے نوری آباد کے قریب مسافر وین کو پیش آنے والے حادثے میں کم از کم 12 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی یہ مسافر وین حیدرآباد سے کراچی جا رہی تھی جس میں کم از کم 18 افراد سوار تھے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وین سے آگے موجود ایک گاڑی کا بونٹ ٹوٹنے کے بعد مسافر وین بے قابو ہو گئی۔
ترجمان کے مطابق اس کے بعد وین کچے میں جا گری اور وین الٹنے کے باعث وائرنگ میں آگ لگی جس نے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہMOTORWAY POLICE
ایدھی ذرائع کے مطابق یہ حادثہ سپرھائی وے پر لکی سیمنٹ فیکٹری کے قریب پیش آیا، لاشوں کو ایدھی ایمبولینسس کے ذریعے عباسی شہید ھسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ آگ بجھانے کے لیے فائر ٹینڈرز کو طلب کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر جامشورو حادثے میں ہلاک افراد کی لاشوں کے ساتھ عباسی شہید ہسپتال روانہ ہو گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے ہدایت کی ہے کہ جن لاشوں کی شناخت مشکل یا ممکن نہیں، ان کا ڈی این اے کرایا جائے۔
صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے اس حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کی رپورٹ طلب کر لی ہیں۔











