پاکستانی کرکٹ ٹیم کا دورۂ آئرلینڈ ملتوی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کا دورۂ آئرلینڈ ملتوی کردیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ آئرلینڈ نے دورہ ملتوی ہونے کا فیصلہ آئرلینڈ کی حکومت کے اس اعلان کے بعد کیا ہے کہ دس اگست سے پہلے بند سٹیڈیمز میں میچز کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ہالینڈ کا دورہ بھی منسوخ کیا جاچکا ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کو اس سال جولائی میں انگلینڈ کا دورہ بھی کرنا ہے جس میں اسے تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے ہیں تاہم اس ضمن میں دونوں کرکٹ بورڈز آئندہ چند روز میں ٹیلی فونک رابطے کے ذریعے اس دورے سے متعلق بات چیت کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر یہ دورہ ملتوی کیا گیا ہے، جس کا انھیں افسوس ہے لیکن وہ کرکٹ آئرلینڈ کے اس فیصلے کا احترام کرتے ہیں کیونکہ اس وقت اولین ترجیح کرکٹرز، آفیشلز اور شائقین کی جانوں کی حفاظت ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ان کا کہنا ہے ’جیسے ہی حالات معمول کے مطابق ہوئے پاکستانی ٹیم آئرلینڈ کا دورہ کرے گی۔‘
یاد رہے کہ اس سال پاکستانی کرکٹ ٹیم نے نو ٹیسٹ میچ، چھ ون ڈے اور بیس ٹی 20 میچ کھیلنے ہیں اور ایشیا کپ اور ٹی 20 ورلڈ کپ اس کے علاوہ ہیں۔
نئے سینٹرل کنٹریکٹس پر مصباح الحق کا موقف
مصباح الحق کا کہنا ہے کہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی گذشتہ کارکردگی کے ساتھ ساتھ آنے والے دنوں میں مختلف فارمیٹس کے میچوں کی تعداد کو بھی پیش نظر رکھا گیا ہے۔
مصباح الحق نے محمد عامر اور وہاب ریاض کو سینٹرل کنٹریکٹ نہ دیے جانے کے بارے میں کہا کہ چونکہ یہ دونوں محدود طرز کی کرکٹ پر توجہ دے رہے ہیں لہٰذا یہ فیصلہ درست ہے تاہم یہ دونوں سینیئر اور تجربہ کار بولر ہیں اور سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔
سابق کپتان سرفراز احمد کے مستقبل پر بات کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ’سرفراز احمد اب بھی ہماری مستقبل کی منصوبہ بندی کا حصہ ہیں کیونکہ آنے والے دنوں میں پاکستانی ٹیم کو بہت مشکل کرکٹ کھیلنی ہے لہٰذا ہمیں سرفراز احمد کے تجربے کی ضرورت ہوگی‘۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کو سرفراز احمد کی جگہ قومی ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔ اس سے قبل وہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی بھی سنبھال چکے ہیں جبکہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی کے پاس ہے۔











