صلاح الدین قتل کیس: پنجاب پولیس نے حافظ سعید کے ذریعے خود کو کیسے معاف کروایا؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images, Punjab Police
- مصنف, اعظم خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
’میں نے اللہ کے واسطے ان پولیس والوں کو معاف کر دیا ہے جنھوں نے میرے زیر حراست بیٹے کو تشدد کر کے قتل کر دیا تھا۔‘
یہ وہ اعلان تھا جو گذشتہ ہفتے 17 اکتوبر کو صلاح الدین کے والد محمد افضال نے گوجرانوالہ کے قریب اپنے گاؤں گورالی کی مسجد سے کیا۔ اس اعلان کے وقت پہلے سے ہی مسجد کے اندر اور باہر بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے۔
یاد رہے کہ گرفتاری سے قبل صلاح الدین کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں انھیں اے ٹی ایم توڑتے اور اس دوران سی سی ٹی وی کیمرے کو دیکھ کر منھ چڑاتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔
پولیس نے صلاح الدین کو رحیم یار خان سے حراست میں لیا تھا اور یکم ستمبر کو یہ بات سامنے آئی کہ وہ دورانِ حراست تشدد کے باعث ہلاک ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
صلاح الدین کے والد نے اس وقت بتایا تھا ’ہمیں اطلاع دیے بغیر اس کا پوسٹ مارٹم کروایا گیا۔‘
صلاح الدین کے والد محمد افضال کی درخواست پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او، اے ایس آئی اور تقتیشی افسر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج ہوا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو کیسے یہ نہیں پتا چلا کہ وہ کسی ذہنی معذور شخص سے بات کر رہے تھے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
’حافظ سعید کے کہنے پر اپنی مرضی سے معافی دی‘
صلاح الدین کے والد محمد افضال نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ عام معافی کا مسجد سے اعلان انھوں نے خود اپنی مرضی سے کیا تھا۔
معافی نامے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ انھیں ایک دن لاہور کی کیمپ جیل سے ان کی جماعت کے امیر حافظ محمد سعید کا پیغام موصول ہوا۔
محمد افضال کے مطابق ’اس کے بعد مجھے جیل لے جایا گیا جہاں پر حافظ صاحب نے میرے سامنے تین آپشنز رکھے: آپ چاہیں تو پولیس اہلکار سزا بھگتنے کو تیار ہیں، اگر آپ دیت کا مطالبہ کریں تو وہ پیسے دینے کو تیار ہیں اور تیسرا آپشن یہ ہے کہ آپ اللہ کے واسطے ان پولیس اہکاروں کو معاف کر دیں۔‘
صلاح الدین کے والد نے کہا کہ وہ حافظ صاحب کا بہت احترام کرتے ہیں کیونکہ وہ ان کی جماعت کے امیر بھی ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ: ’میں نے اللہ سے اجر حاصل کرنے کی خاطر ان پولیس اہلکاروں کو معاف کرنے کا فیصلہ کیا جس میں میرے ساتھ باقی گھر والوں کی رائے بھی شامل تھی۔‘
راضی نامے والے دن یہ اعلان بھی کیا گیا کہ صلاح الدین کے گاؤں گورالی میں سوئی گیس کی فراہمی، سکول اور رابطہ سڑک کی تعمیر کے منصوبے جلد مکمل کر لیے جائیں گے۔
محمد افضال کے مطابق گاؤں میں تین منصوبوں کا معافی سے تعلق نہیں ہے اور ’یہ اپنے طور پر راضی نامے والے دن علاقے کے لوگوں کے سامنے انتظامیہ کے افسران نے اعلان کیا تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل ان منصوبوں کا وعدہ گورنر پنجاب محمد سرور نے اس دن کیا تھا جب وہ صلاح الدین کی تعزیت کے لیے ان کے گاؤں آئے تھے۔

،تصویر کا ذریعہPUNJAB POLICE
پسِ منظر
لواحقین کا دعویٰ ہے کہ صلاح الدین ذہنی مریض تھے جو ہمیشہ اِدھر اُدھر گھومتے رہتے تھے۔
دوسری جانب پولیس نے صلاح الدین پر الزام عائد کیا تھا کہ انھوں نے اے ٹی ایم کارڈ چرائے تھے۔
صلاح الدین کے والد محمد افضال نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ انھوں نے اپنے بیٹے کے بازو پر نام اور گھر کا پتا کندہ کروایا ہوا تھا۔
اس گرفتاری کے بعد رحیم یار خان کے تھانہ سٹی اے ڈویژن کے ایس ایچ او محمود الحسن نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ 30 اگست کو شاہی روڈ پر واقع نجی بینک کے مینیجر نے شکایت درج کروائی تھی کہ ان کی برانچ کی اے ٹی ایم مشین توڑی گئی ہے۔
اگلے دن شہریوں نے ریلوے سٹیشن پر صلاح الدین کو شور شرابہ کرتے ہوئے پہچان لیا کہ یہ وہی شخص ہے جس کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے اور انھیں پولیس کے حوالے کیا گیا۔
صلاح الدین کی ایک اور ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی جس کے بارے میں کہا گیا تھا کہ یہ صلاح الدین سے پوچھ گچھ کی ویڈیو ہے۔
اس ویڈیو میں سوال کرنے والا پوچھتا ہے کہ ’تم نے اشاروں کی زبان کس طرح سیکھی ہے تو صلاح الدین سوال کرنے والے سے کہتے ہیں کہ ’ایک سوال پوچھوں؟ مارو گے تو نہیں؟ یہ بتائیں کہ آپ نے مارنا کہاں سے سیکھا ہے۔‘
صلاح الدین کے چچا کا مؤقف
صلاح الدین کے چچا محمد اعجاز نے بی بی سی کو بتایا کہ ایک محکمے کے کچھ لوگ ان کے بھائی کے گھر آئے تھے جس کے بعد حافظ سعید سے ملاقات کروائی گئی اور پھر ان کے کہنے پر راضی نامہ ہو گیا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ خود راضی نامے میں شریک نہیں ہو سکے تھے، تاہم انھیں فون پر تمام تفصیلات کا پتا چلا۔
انھوں نے بھی تصدیق کی کہ صلاح الدین مقدمے میں راضی نامے والے دن ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا اعلان کیا گیا تھا جس پر علاقے کے لوگوں نے کہا کہ جو سڑک تعمیر ہو گی اس کا نام بھی صلاح الدین کے نام پر رکھا جائے گا۔

،تصویر کا ذریعہLahore High Court
تین معطل پولیس اہلکار بحال
رحیم یار خان پولیس کے ترجمان ارشد نواز نے بی بی سی کو بتایا کہ معافی کے بعد تینوں پولیس اہلکاروں کو آئی جی پنجاب نے بحال کر کے پولیس لائن رپورٹ کرنے کا کہا ہے۔
بحال کیے جانے والوں میں اُس وقت متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او محمود الحسن اور دیگر دو پولیس اہلکار شفاقت علی اور مطلوب حسین شامل ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق یہ تینوں اہلکار ضمانت پر تھے اور ایک دن بھی ان کو جیل نہیں جانا پڑا۔ راضی نامے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہتے۔
معافی نامہ کیسے ممکن ہو سکا؟
اس مقدمے کی پیروی کرنے والے ایک وکیل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دوران تفتیش ایک ایسی ویڈیو کے بارے میں پتا چلا ہے کہ جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ساڑھے چار بجے پولیس لاک اپ سے سادہ کپڑوں میں ملبوس تین افراد صلاح الدین کو ایک سفید ویگو گاڑی میں لے کر جاتے ہیں اور پھر رات نو بجکر 45 منٹ پر صلاح الدین کی لاش ہسپتال پہنچا دی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صلاح الدین کے والد نے انھیں بتایا کہ اب وہ مزید اس مقدمے کی پیروی نہیں کر سکتے اور اب انھیں عدالت آنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ حافظ سعید نے راضی نامے کے بارے میں جو کہا وہ انھیں بھی منظور ہے۔
ویڈیو سے متعلق سوال پر پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ انھیں ایسی ویڈیو اور انکوائری کے عمل کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے۔
اس مقدمے کی انکوائری کرنے والے پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی ذوالفقار حمید سے جب ویڈیو سے متعلق پوچھا گیا تو انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ انھوں نے اپنی انکوائری رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی ہے، اب وہ اس کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کریں گے، نہ ہی ان کا راضی نامے سے کوئی تعلق ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اعتراف جرم سے قبل معافی کیسی؟
اس مقدمے کی پیروی کرنے والے ایک وکیل حسان نیازی نے بی بی سی کو بتایا کہ انھیں اس راضی نامے میں شریک ہونے کا پیغام ملا لیکن انھوں نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ اقبالِ جرم سے قبل کسی کو معافی کیسے دی جا سکتی ہے۔
ان کی رائے میں پہلے عدالت میں ملزم اپنا جرم تسلیم کریں اور پھر سزا، دیت یا معافی کا مرحلہ شروع ہوتا ہے۔
حسان نیازی کا کہنا ہے کہ پولیس کی حتمی انکوائری رپورٹ سے قبل ہی راضی نامہ ہونا ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ اس مقدمے کی ایف آئی آر درج ہونے سے قبل بھی صلاح الدین کے والد سے ایک محکمے کے کچھ افراد نے رابطہ کر کے مقدمہ درج نہ کرنے کا کہا، لیکن اس وقت وہ کسی دباؤ میں نہیں آئے۔
حسان نیازی نے الزام عائد کیا کہ اس واقعے کے حقائق کو چھپانے کے لیے یہ سب کیا جا رہا ہے اور راضی نامے کے لیے دباؤ ڈالا گیا ہے۔
ابتدائی دنوں میں رحیم یار خان کے ایک مقامی وکیل بشارت ہندل اس مقدمے میں عدالت کے سامنے پیش ہوتے تھے، تاہم بعد میں انھوں نے اس مقدمے کی پیروی سے انکار کردیا۔
وکیل بشارت ہندل نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کو جب لگا کہ یہ کیس سیاسی بنتا جا رہا ہے تو انھوں نے اس سے علیحدگی اختیار کر لی تھی تاہم ان پر کسی نے کوئی دباؤ نہیں ڈالا۔
عدالتی کمیشن کیوں نہ بن سکا؟
حسان نیازی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس مقدمے میں جس عدالتی کمیشن کا اعلان کیا تھا وہ آج تک نہیں بن سکا ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے اس ٹرائل کو رحیم یار خان سے لاہور منتقل کرنے کا بھی وعدہ کیا تھا جو پورا نہ ہو سکا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
یاد رہے کہ حکومتِ پنجاب نے لاہور ہائی کورٹ کو صلاح الدین کی موت کے واقعے کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن بنانے کے لیے خط لکھا تھا۔
حسان نیازی کا کہنا ہے کہ اس کمیشن کے لیے کسی جج کی تقرری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔
حسان نیازی کے مطابق ان کے علم میں آیا کہ کسی سِول جج نے بھی اس واقعہ کی تحقیقات کی ہیں لیکن کوشش کے باوجود وہ انکوائری رپورٹ حاصل نہیں کرسکے۔
’پولیس اہلکاروں نے عدالت میں معافی مانگی‘
صلاح الدین کے والد محمد افضال نے بتایا کہ یہ پولیس اہلکار پہلے سے ہی ضمانت پر تھے اور ان کا رحیم یار خان کی ایک ضلعی عدالت میں اس وقت ان سے آمنا سامنا ہوا جس دن وہ عدالت میں معافی نامے کا بیان ریکارڈ کروانے گئے تھے۔
’جیسے ہی مجھے ان پولیس اہلکاروں نے دیکھا تو مجھ سے معافی مانگی اور پھر جب میں نے عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا تو عدالت کے باہر بھی یہ اہلکار میرے پاس آئے اور دوبارہ معافی مانگی۔‘
صلاح الدین کے والد کا کہنا ہے کہ ’میں نے ان پولیس اہلکاروں سے کہا کہ اگر آپ معافی نہ بھی مانگیں تو میں نے آپ کو معاف کر دیا ہے۔‘








