آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع

قمر باجوہ

،تصویر کا ذریعہTWITTER/@PTIOFFICIAL

پاکستان کے وزیرِاعظم عمران خان نے بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدتِ ملازمت میں توسیع کر دی ہے۔ ان کی ملازمت کی مدت میں تین برس یعنی 'فل ٹرم' کی توسیع کی گئی ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق جنرل باجوہ کی ملازمت میں توسیع کا فیصلہ خطے میں سکیورٹی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

جنرل باجوہ کی ملازمت میں توسیع کی خبریں کئی ماہ سے گردش کر رہی تھیں۔

یہ بھی پڑھیے

یاد رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوج کی کمان نومبر 2016 میں سنبھالی تھی۔ انھیں اس وقت کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے فوج کی سربراہی کے لیے تعینات کیا تھا۔ جنرل باجوہ کو فوج کی کمان جنرل راحیل شریف سے منتقل ہوئی تھی۔

اگرچہ جنرل باجوہ کو رواں برس نومبر میں ریٹائر ہونا تھا لیکن ان کی مدتِ ملازمت میں توسیع کا اعلان ریٹائرمنٹ سے دو ماہ قبل ہی کر دیا گیا ہے۔

اعلامیہ

،تصویر کا ذریعہPM Office

،تصویر کا کیپشنوزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ

جنرل قمر جاوید باجوہ کا فوج میں سفر

جنرل قمر جاوید باجوہ نے 24 اکتوبر سنہ 1980 میں فوج میں شمولیت اختیار کی۔ آئی ایس پی آر کی ویب سائٹ کے مطابق انھیں بلوچ ریجمنٹ میں کمیشن ملا تھا۔

انھیں فوجی اعزاز نشان امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

وہ کینیڈا کی افواج کے کمانڈ اور سٹاف کالج، امریکہ کی نیول پوسٹ گریجویٹ یونیورسٹی، مونٹیری (کیلیفورنیا) اور اسلام آباد کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔

وہ کوئٹہ، کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ اور این ڈی یو اسلام آباد میں سکول آف انفینٹری اینڈ ٹیکٹیکس میں انسٹرکٹر رہے ہیں۔

وہ انفینٹری بریگیڈ کے بریگیڈ میجر اور راولپنڈی کور کے چیف آف سٹاف بھی رہ چکے ہیں۔

انھوں نے ایک انفینٹری بریگیڈ کے 16 بلوچ ریجمنٹ کو کمانڈ کیا ہے اور شمالی علاقہ جات کے کمانڈر ایف سی این اے کے جی او سی رہے ہیں۔

انھوں نے کانگو میں پاکستانی دستے کی سربراہی بھی کی ہے۔ جبکہ انھوں نے راولپنڈی کور کی کمان بھی سنبھالی ہے۔