سپریم کورٹ کا آصف علی زداری، فریال تالپور سمیت سات افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم

زرداری

،تصویر کا ذریعہAFP

سپریم کورٹ نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں پاکستان کے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور سمیت سات افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ یعنی ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا ہے۔

سپریم کورٹ نے ان افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم چند روز قبل آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی کے خلاف درج ہونے والے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں ہونے والی ابتدائی تفتیش کی بنا پر دیا ہے۔

دیگر افراد میں نصیر عبداللہ، آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید اور مصطفیٰ ذوالقرنین شامل ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن صوبہ سندھ سے رواں ماہ ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

اس سے قبل وزارت داخلہ نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں پاکستان کے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور سمیت سات افراد کے نام ’سٹاپ لسٹ‘ میں ڈالے تھے۔

حسین لوائی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ ایف آئی اے نے درج کیا ہے اور ایف آئی اے کے سربراہ بشیر میمن نے اس مقدمے کی تفتیش میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں پاکستان کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں قائم سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کو آگاہ کیا تھا۔

line

سٹاپ لسٹ کیا ہے؟

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق سیکرٹری داخلہ کے پاس یہ صوابدیدی اختیار ہے کہ وہ کسی بھی شخص کا نام ایک ماہ کے لیے سٹاپ لسٹ میں ڈال سکتے ہیں لیکن اس اقدام کی کوئی قانونی حثیت نہیں ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان میں پروویژنل آئیڈینٹیفیکیشن لسٹ (عارضی شناختی فہرست) بھی متعارف کروائی گئی ہے جس کے تحت ایف آئی اے کے حکام کے پاس بھی اختیار ہے کہ وہ کسی بھی شخص کا نام اس لسٹ میں شامل کرسکتے ہیں۔

اس اقدام کا مقصد کسی بھی ایسے شخص کو بیرون ملک جانے سے روکنا ہے جو کسی بھی مقدمے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب ہو۔ تاہم اس کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل نہ کیا گیا ہو۔

وزارت داخلہ کے پاس کسی بھی شخص کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا بھی اختیار ہے تاہم اس پر وقت کی حد مقرر نہیں ہے اور کسی بھی شخص کا نام کسی بھی وقت نکالا جاسکتا ہے۔

ٹریفک حادثے میں ملوث امریکی سفارت کار اور عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری کے نام بھی بلیک لسٹ سے نکالنا اس کی واضح مثالیں ہیں۔

line

پاکستان پیپلز پارٹی نے ایف آئی اے کے سربراہ بشیر میمن کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے لیے درخواست بھی دے رکھی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بشیر میمن کے بھائی کراچی کے ایک حلقے سے عام انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اس لیے اُنھیں اس عہدے سے ہٹایا جائے۔

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے وفاقی حکومت کو واضح ہدایات دی ہیں کہ ڈی جی ایف آئی اے کو عدالت عظمیٰ کو بتائے بغیر اُنھیں کسی دوسری جگہ ٹرانسفر نہ کیا جائے۔

فریال تالپور

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنآصف علی زرداری سمیت ان کی بہن فریال تالپور کا نام بھی 'سٹاپ لسٹ' میں ڈالا گیا ہے

بشیر میمن سپریم کورٹ کے حکم پر سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور دیگر سیاست دانوں میں فوج کے خفیہ اداروں آئی ایس آئی کی طرف سے رقوم تقسیم کرنے کے بارے میں دائر مقدمے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔