بیگم کلثوم نواز کی ’طبیعت بگڑ رہی ہے‘

کلثوم نواز اور مریم نواز

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنبیگم کلثوم نواز لندن میں زیر علاج ہیں

سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ کے قائد میاں نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز جو لندن میں زیرِ علاج ہیں ان کی حالت بہتر ہونے کے بجائے بگڑتی چلی جا رہی ہے اور شریف خاندان ان کی طبیعت کے باعث شدید پریشانی کا شکار ہے۔

لندن میں شریف خاندان کے ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی حالت دن بدن بگڑتی چلی جا رہی ہے۔

بیگم کلثوم نواز کو دو دن قبل ہی ہسپتال سے پارک لین میں ان کے گھر منتقل کیا گیا تھا جہاں اطلاعات کے مطابق ایک بار پھر ان کی حالت بگڑ گئی ہے۔

سابق وزیر اعظم کی اہلیہ کو کینسر کا مرض لاحق ہے اور وہ گزشتہ تقریباً ایک سال سے لندن میں زیرِ علاج ہیں۔

صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف جو گزشتہ روز ہی لندن پہنچے ہیں انھوں نے بدھ کی شام بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی۔

گزشتہ اتوار کو بھی کلثوم نواز کو ان کے دونوں بیٹے ان کی حالت اچانک بگڑ جانے کے باعث ایمرجنسی میں ہستپال لے گئے تھے لیکن دس گھنٹے تک ڈاکٹروں کی زیر نگرانی رہنے کے بعد بیگم کلثوم نواز کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔

بیگم کلثوم نواز کے دونوں صاحبزادے حسن اور حسین ان کے ساتھ ہیں لیکن ان کے شوہر اور ان کے بیٹی مریم نواز پاکستان میں کرپشن کے الزامات میں مقدمات کی وجہ سے لندن آنے سے قاصر ہیں۔

بیگم کلثوم نواز نے گزشتہ سال لاہور کے حلقے این اے 120 سے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن اپنی طبیعت کی خرابی کی وجہ سے ابھی تک وہ حلف اٹھانے بھی نہیں جا سکیں ہیں۔