این اے 120: ’بیگم صاحبہ کی بیماری کے بعد مریم نواز انتخابی مہم سنبھالیں گی`

،تصویر کا ذریعہAFP
سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے خاندانی ذرائع کے مطابق ان کی اہلیہ کلثوم نواز کی لندن میں گلے کے سرطان کی تشخیص ہوئی ہے جس کے سبب لاہور شہر کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخابات کی مہم ان کی صاحبزادی مریم نواز سنبھالیں گی۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے کلثوم نواز نے اپنے شوہر محمد نواز شریف کی پاناما کیس کے معاملے میں برطرف ہو جانے کے بعد قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخابات میں شرکت کے لیے اپنے کاغذات جمع کرائے اور اس کے بعد لندن روانہ ہو گئیں۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینیئر رکن مشاہداللہ نے کہا کہ 'یہ بات واضح ہے کہ بیگم صاحبہ کی بیماری کے بعد مریم نواز ہی انتخابی مہم سنبھالیں گی۔'
انھوں نے مزید کہا کہ کلثوم نواز کا سرطان قابل علاج ہے اور امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گی لیکن یہ یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ وہ علاج کے فوراً بعد سیاسی منظر پر سامنے آجائیں۔
محمد نواز شریف کے بھائی اور پنجاب کے وزیر اعلی میاں شہباز شریف نے بدھ کی صبح اپنے فیس بک پر کلثوم نواز کے صحتیابی کی دعائیہ پیغام لکھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے علاوہ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کی ٹویٹ کے مطابق بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی مسلم لیگ نون کے سربراہ محمد نواز شریف سے ان کی اہلیہ کی خیریت معلوم کرنے کے لیے فون کیا اور صحتیابی کی دعا کی۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی کلثوم نواز کی صحتیابی کے لیے ٹویٹ کی اور امید کا اظہار کیا کہ وہ اس مرض کو شکست دے سکیں۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس میں نواز شریف کو نااہل قرار دیا گیا تھا جس کے بعد ان کی نشست پر دوبارہ الیکشن کرائے جانے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
حلقہ این اے 120 میں ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہونے ہیں جہاں کلثوم نواز کا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد سے ہوگا۔
پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد نے سنہ 2013 کے عام انتخابات میں نواز شریف کے خلاف 52312 ووٹ حاصل کیے تھے۔
واضح رہے کہ ابتدا میں مسلم لیگ ن کی طرف سے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ اس حلقے سے شہباز شریف الیکشن لڑیں گے اور قومی اسمبلی کی اس نشست سے رکن منتخب ہونے کے بعد وزیراعظم کا انتخاب لڑیں گے۔










