حافظ آباد: 12 سے زیادہ لڑکیوں کا سپائنل فلوئڈ نکالنے کے واقعات کی تحقیقات

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کی وفاقی حکومت نے صوبہ پنجاب کے شہر حافظ آباد میں دھوکے سے خواتین کا ’سپائنل فلوئڈ‘ نکالنے کے واقعات کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو تین روز میں اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔
اس بات کا اعلان وفاقی وزیر مملکت برائے ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ نے منگل کو کیا۔
دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خواتین کی ریڑھ کی ہڈی سے سپائنل فلوئڈ نکالنے کے واقعات میں ملوث چار افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ تین ہفتوں کے دوران حافظ آباد میں چند خواتین کو بغیر آگاہ کیے ان کی ریڑھ کی ہڈی سے سپائنل فلوئڈ نکالنے کے متعدد واقعات پیش آئے تھے۔
سپائنل فلوئڈ دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کے گرد پایا جانے والا شفاف مائع مواد ہوتا ہے جس کا مقصد دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کو جھٹکے یا چوٹ کی صورت میں نقصان سے بچانا ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ریجنل پولیس افسر گوجرانوالہ رینج ڈی آئی جی اشفاق احمد خان نے بی بی سی کو بتایا کہ ندیم نامی ایک شخص ان واقعات میں ملوث ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ ملزم نے متاثرہ خاندانوں کو جھانسا دیا کہ پنجاب حکومت نے بیواؤں اور غریب لڑکیوں کی شادی کے لیے مالی امداد اور جہیز دینے کا اعلان کر رکھا ہے جس کے لیے حکومت نے اسے نہ صرف فارم دیے ہیں بلکہ ایسی خواتین کے خون کے نمونے بھی حاصل کرنے کا کہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اس جھانسے میں آنے والی خواتین کے نمونوں کے حصول کے دوران ملزم نے ان کا سپائنل فلوئڈ نکال لیا۔
حافظ آباد پولیس کے آر پی او کا کہنا تھا کہ ملزم اپنے دیگر تین ساتھیوں کے ساتھ 12 سے زیادہ خواتین کی ریڑھ کی ہڈیوں سے مواد نکال چکا تھا۔
اب تک یہ واضح نہیں کہ ملزمان یہ سپائنل فلوئڈ کس کام کے لیے استعمال کرتے تھے۔
اشفاق احمد خان کا کہنا تھا کہ خواتین کا سپائنل فلوئڈ نکالنے کے لیے ملزم انھیں ہسپتال نہیں لے کر جاتا تھا بلکہ یہ عمل اپنی ساتھی ملزمہ آمنہ کے گھر پر سرانجام دیتا تھا۔
علاقے کے لوگوں کو جب ملزمان کی حرکتوں پر شک ہوا تو اُنھوں نے اس کی اطلاع مقامی تھانے کو دی اور پولیس نے چھاپہ مار کر ملزمان کو گرفتار کرلیا اور ان کی نشاندہی پر 12 خواتین کی ریڑھ کی ہڈی سے سپائنل فلوئڈ سے نکالا گیا مواد بھی برآمد کر لیا گیا جو مختلف بوتلوں میں ڈال کر فرج میں رکھا گیا تھا۔
اس مقدمے کے تفتیشی افسر عبدالمجید کا کہنا ہے کہ ملزمان کا دو دن کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والے سپائنل فلوئڈ کو فورینزک لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ ملزمان کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی کروایا جائے گا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف درج ہونے والے مقدمے میں ناقابل ضمانت دفعات عائد کی ہیں۔











