’شوہر نے جہیز کے بدلے بیوی کا گردہ نکال لیا‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ایک انڈین خاتون نے پولیس کو بتایا ہے کہ اس کے شوہر اور دیور نے جہیز کے بدلے میں ان کا ایک گردہ چوری کر لیا ہے جس کے بعد ان دونوں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق مغربی بنگال میں اس خاتون نے اپنے شوہر کو معدے میں تکلیف کا بتایا تو اُس نے اپنی بیوی کے اپینڈکس کے آپریشن کا بندوبست کیا تھا۔
گذشتہ سال 2017 کے آخر میں دو طبی معائنوں سے یہ معلوم ہوا کہ حقیقت میں اس خاتون کا ایک گردہ غائب ہے۔
یہ بھی پڑھیے
خاتون الزام عائد کرتی ہیں کہ ان کے شوہر بارہا ان سے جہیز کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔
عام طور پر جہیز دلہن کے گھر والوں کی طرف سے دولہے کے گھر والوں کو دیا جاتا ہے، تاہم انڈیا میں جہیز کی ادائیگی پر سنہ 1961 سے پابندی عائد ہے۔
انڈین میڈیا سے بات کرتے ہوئے مبینہ متاثرہ خاتون ریتا سرکار نے بتایا کہ انھیں کئی سالوں تک جہیز کی وجہ سے گھریلوں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ریتا سرکار کا کہنا ہے کہ ’میرے شوہر مجھے کلکتہ میں ایک نجی نرسنگ ہسپتال لے گئے، جہاں طبی عملے اور میرے شوہر نے مجھے کہا کہ اپینڈکس آپریشن کے بعد میں ٹھیک ہو جاؤں گی۔‘
’میرے شوہر نے مجھے خبردار کیا کہ میں کلکتہ میں اس آپریشن کا کسی سے ذکر نہ کروں۔‘
ریتا سرکار نے بتایا کہ چند ماہ بعد ان کی طبیعت خراب ہوئی تو ان کے خاندان کا فرد انھیں ڈاکٹر کے پاس لے گیا۔ معائنہ کرنے کے بعد معلوم ہوا کہ ان کا دایاں گردہ غائب ہے اور دوسرے طبی معائنے سے اس بات کی تصدیق ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیے
انھوں نے ہندوستان ٹائمز کو بتایا کہ ’تب کہیں جا کر مجھے سمجھ آئی کہ کیوں میرے شوہر نے اس آپریشن کے بارے میں خاموش رہنے کو کہا تھا۔‘
’انھوں نے میرا گردہ فروخت کر دیا کیونکہ میرے گھر والے ان کے جہیز کے مطالبات پورے نہ کر سکے۔‘
اخبار دی ٹیلی گراف انڈیا نے پولیس انسپیکٹر ادے شنکر گھوش کے حوالے سے لکھا: ’ہمیں بددیانتی کا شبہ ہے۔‘
پولیس انسپیکٹر ادے شنکر گھوش کے مطابق ’اعضا کی منتقلی کے متعلق قانون کے تحت ایک مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ہم نے اس کے علاوہ تین افراد پر قتل کرنے کی کوشش اور دلہن پر تشدد کرنے کا مقدمہ بھی درج کیا ہے۔‘











