پاکستانی سیاست: ’میں باتھ روم گئی تو فاروق ستار واپس آ گئے‘

،تصویر کا ذریعہTwitter
متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے جمعرات کو دو پریس کانفرنسیں کیں۔ پہلی پریس کانفرنس ایک گھنٹے بیس منٹ سے کچھ زائد کی پریس کانفرنس تھی جس کے اختتام پر انھوں نے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کیا۔
ان کے اس اعلان کے ساتھ ہی متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی یاد آ گئی۔ وہ بھی کئی بار جماعت سے علیحدگی کا کئی بار اعلان کر چکے تھے اور پھر آوازیں بلند ہوتی تھیں 'نہیں بھائی نہیں'۔ اسی طرح جمعرات کو فاروق ستار کے اعلان کے ساتھ ہی 'نہیں بھائی نہیں' کی دہائیاں بلند ہونے لگیں۔
یہ بھی پڑھیے:
تاہم کچھ دیر بعد ہی وہ دوبارہ اپنے مکان سے باہر آئے اور اس بار ان کے ہمراہ ان کی والدہ اور ان کی اہلیہ بھی تھیں۔ یہ پریس کانفرنس بھی تقریباً 20 منٹ سے زیادہ جاری رہی اور اس پریس کانفرنس میں ان کی والدہ نے بھی بات کی۔ ان کی والدہ نے بیٹے سے سیاست سے دستبرداری کے فیصلے کو واپس لینے کا کہا جسے ’تابعدار‘ بیٹے نے قبول کیا۔

،تصویر کا ذریعہTwitter
ایک موقعے پر جب ان کی والدہ بات کر رہی تھیں تو فاروق ستار نے کہا 'اب آپ کو معلوم ہو گیا ہو گا کہ مجھے زیادہ بولنے کی عادت کس سے ملی ہے۔'
ڈاکٹر فاروق ستار کے سیاست سے دستبرداری کے فیصلے سے لے کر فیصلے کو واپس لینے تک سوشل میڈیا پر کافی شور ہوا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک صارف ڈاکٹر حرا نے ٹویٹ کیا 'فاروق ستار نے ایم کیو ایم پاکستان چھوڑی، میں باتھ روم گئی۔ پھر واپس آئی تو فارق ستار نے ایم کیو ایم پاکستان میں دوبارہ شمولیت اختیار کر لی تھی۔ زمانہ کتنا فاسٹ ہو گیا ہے۔'

،تصویر کا ذریعہTwitter
ایک اور صارف 'سر' نے فاروق ستار کے دستبرداری کے یو ٹرن کے بعد الطاف حسین اور شاہد آفریدی کی تصاویر ٹویٹ کیں اور لکھا 'یہ سب کچھ کر چکے ہیں، کئی بار'۔
سوشل میڈیا نے ایم کیو ایم پاکستان اور پی ایس پی کے سیاسی الحاق کے ٹوٹنے پر بھی فاروق ستار کا کافی مذاق اڑایا۔ لوگوں نے اس الحاق کو شادی کا نام دیا اور کہا کہ سیاسی اتحاد کے ٹوٹنے کی وجہ لینڈ کروزر نکلی۔
فاروق ستار کے لیے بالی وڈ کی مشہور فلم 'دیوار' کا ڈائیلاگ استعمال کیا جس میں امیتابھ بچن ششی کپور سے کہتے ہیں 'آج میرے پاس پیسہ ہے، بنگلہ ہے، گاڑی ہے، بینک بیلنس ہے اور تمہارے پاس کیا ہے؟' اس کے جواب میں ششی کپور کہتے ہیں 'میرے پاس ماں ہے۔'
اسی طرح ایک صارف نے لکھا ہے ' مصطفیٰ کمال: میرے پاس انیس قائمخانی،ارشد وہرا،رضا ہارون ہیں۔ تمہارے پاس کیا ہے؟ فاروق ستار: میرے پاس ماں ہے۔'

،تصویر کا ذریعہTwitter
ایک صارف 'لالا لوسٹ' نے لکھا ہے 'نیٹ فلکس، کیا اس اچھا ڈراما بنا سکتے ہو۔'
ایک اور صارف نے ایم کیو ایم لندن اور ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہان کے درمیان فرق کو کچھ اس طرح بیان کیا ' ایم کیو ایم لندن اور پاکستان میں فرق صرف وزن کا ہے... الطاف ٹنوں میں جبکہ فاروق ستار کلوگرام میں ہیں، استعفوں کی واپسی سمیت تمام عادات مشترک۔'
ایک اور صارف عطیہ نے سیاسی اتحاد کے ختم ہونے کو بیان کر تے ہوئے لکھا 'جب ماں باپ شادی سے راضی نہ ہوں تو پھر ایسے ہی ہوتا ہے 'امی نہیں مان رہی، آپ مجھے بھول جائیں' ۔۔۔ ابھی چھوارے بھی نہیں بٹے تھے کہ بارات واپس چلی گئی۔'
فاروق ستار کے سیاست سے دستبردار ہونے کے اعلان پر فاروق بھائی نہیں کے نعرے لگے۔ اس بارے میں ایک صارف نے لکھا ہے 'فاروق ستار کی بیگم بھی نعرے لگاتی رہیں فاروق بھائی نہیں فاروق بھائی نہیں۔'









