قندیل بلوچ قتل: مفتی عبدالقوی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جنوبی پنجاب کے شہر ملتان کی ایک مقامی عدالت نے سوشل میڈیا سلیبرٹی قندیل بلوچ کے قتل کے مقدمے میں گرفتار ہونے والے مذہبی رہنما مفتی عبدالقوی کو سات روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔
ہمارے نامہ نگار شہزاد ملک نے بتایا کہ قتل کے اس مقدمے کی تفتیش کرنے والی پولیس کی ٹیم نے ملزم عبدالقوی کو جوڈیشل مجسٹریٹ پرویز خان کی عدالت میں پیش کیا اور عدالت سے ملزم کے مزید ایک روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا اور ملزم کو سینٹرل جیل ملتان بھیجنے کا حکم دیا۔
مزید پڑھیے
عدالت نے ملزم کو 7 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
مفتی عبدالقوی قندیل بلوچ کے قتل کے مقدمے میں 13 روز تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں رہے جن میں سے چار روز وہ ہسپتال میں زیر علاج رہے۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ جسمانی ریمانڈ کے دوران ملزم نے تسلیم کیا کہ قندیل بلوچ کو قتل کرنے کے بعد ملزمان جس گاڑی میں فرار ہوئے تھے وہ نہ صرف اُن کے رشتہ داروں کی ہے بلکہ اس گاڑی کا ڈرائیور عبدالباسط بھی ملزم (مفتی عبدالقوی) کا رشتہ دار ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جسمانی ریمانڈ کے دوران ان سے تفتیش نہیں کی گئی۔
جسمانی ریمانڈ کے دوران اُنھیں پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے لاہور بھی لے جایا گیا اور قتل کے اس مقدمے کی تفتیشی ٹیم کے ایک اہلکار کے مطابق اس ٹسیٹ کے دوران اُن کے 90 فیصد بیانات حقائق پر مبنی نہیں تھے۔
قندیل بلوچ کے قتل کے مقدمے کی سماعت ملتان کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج امیر محمد خان کی عدالت میں ہو رہی ہے۔
اس مقدمے کی آئندہ سماعت 20 نومبر کو ہوگی جس میں سرکاری گواہان کو طلب کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ تفتیشی ٹیم ملزم مفتی عبدالقوی کے بارے میں تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ عدالت میں جمع کروائے گی۔







