این اے 120: پولنگ سٹیشنز پر فوج تعینات ہوگی

پولنگ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 120 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پولنگ سٹیشن پر فوج کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان نے یہ حکم حزب مخالف کی جماعتوں جن میں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف شامل ہیں کی درخواستوں پر دیا۔

اس کے علاوہ ریٹرنگ افسر نے بھی اس حلقے میں فوج تعینات کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا۔

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق الیکشن کمیشن نے اس ضمن میں وزارت دفاع کو ایک خط بھی لکھا ہے جس میں کہا گیاہے کہ پولنگ والے دن تمام پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر فوج تعینات ہوگی اور فوجی اہلکار اس وقت تک اپنے فرائض سرانجام دیں گے جب تک ہر پولنگ سٹیشن پر ووٹوں کی گنتی مکمل نہیں ہو جاتی۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کی نشست سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے پاناما لیکس کے مقدمے میں سپریم کورٹ سے نااہل ہونے کی وجہ سے خالی ہوئی تھی اور اس حلقے میں ضمنی انتخاب17 ستمبر کو ہوگا۔

فوج

،تصویر کا ذریعہAFP

حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز کی جانب سے سابق وزیر اعظم کی اہلیہ کلثوم نواز ان ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے فیصل میر اور پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے ڈاکٹر یاسمین راشد امیدوار ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد سنہ 2013 میں ہونے والے عام انتخابات میں بھی امیدوار تھیں اور انھوں نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے مقابلے میں اکاون ہزار ووٹوں لیے تھے۔

الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم چلانے پر وفاقی وزیر پرویز ملک اور پنجاب کے وزیر بلال یاسین کو نوٹس جاری کیے ہیں اور اُن سے تین روز میں جواب طلب کیا ہے۔

حکمراں جماعت نے پرویز ملک کو اس حلقے میں انتخابی مہم کا نگران مقرر کیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے وفاقی اور صوبائی وزرا پر الیکشن مہم چلانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔