”ڈاکٹر روتھ کو مدر ٹریسا سے نہ ملائیں‘

ڈاکٹر روتھ فاؤ

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنڈاکٹر روتھ فاؤ نے اپنی ساری عمر پاکستان میں کوڑھ جیسے موذی مرض کے مریضوں کی بحالی میں لگا دی۔
    • مصنف, طاہر عمران
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام

سوشلستان میں سابق وزیراعظم کا لاہور کی جانب سفر حاوی ہے اور اس پر روزانہ نت نئے ٹرینڈز سامنے آتے ہیں۔ ان ٹرینڈز اور اس سفر کا میابی یا ناکامی کا فیصلہ اس بات پر منحصر ہے کہ آپ کون سا چینل دیکھ رہے ہیں اور کس سیاسی جماعت کی حمایت کرتے ہیں۔ مگر اس ہفتے کے سوشلستان میں ہم بات کریں گے پاکستان میں کوڑھ کے موذی مرض میں مبتلا مریضوں کی مسیحا ڈاکٹر روتھ فاؤ کے بارے میں جن کا گذشتہ روز انتقال ہو گیا۔

پاکستان میں کوڑھ کے مریضوں کی مسیحا

ڈاکٹر روتھ فاؤ کے اس دنیا سے جانے کی خبر پر پاکستان کے مختلف سیاسی اور سماجی حلقوں کی جانب سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر سیاسی ٹرینڈز بنانے والے مشینوں کے ٹرینڈز کے باوجود ڈاکٹر روتھ فاؤ کا نام صفِ اول کا ٹرینڈ رہا۔

جہاں لوگ انھیں کوڑھ کے مریضوں کی مسیحا کہتے رہے وہیں بہت سوں نے انھیں پاکستان کی مدر ٹریسا قرار دیا۔

ان کے مرنے کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر ان کی سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کا مطالبہ شروع ہوا جس کے چند گھنٹوں بعد حکومت کی جانب سے سرکاری تدفین کا اعلان کیا گیا۔

اور اس اہم موقع پر سوشل میڈیا کے بعض اکاؤنٹس کو اعتراض تھا کہ انھیں مدر ٹریسا کیوں قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان ڈیفنس

،تصویر کا ذریعہTwitter

،تصویر کا کیپشنڈاکٹر روتھ فاؤ کو مدر ٹریسا کے ساتھ ملانے پر اعتراض

پاکستان ڈیفنس نام کے ٹوئٹر اکاؤنٹ نے لکھا کہ ’ہمیں ڈاکٹر روتھ فاؤ کو مدر ٹریسا سے ملانا بند کر دینا چاہیے کیونکہ مدر ٹریسا کا سارا رفاحی کام عیسائیت کی تریج کی خاطر تھا۔'

اس ٹویٹ کو ’شرمناک' قرار دیتے ہوئے سیموئیل ظہور نے لکھا ’انسانیت میں نفرت کہاں سے آگئی؟ انھوں نے اچھوتوں کی مدد کی جنھیں کوئی ہاتھ نہیں لگاتا تھا اور آپ یہاں سازشی تھیوریاں پھیلا رہے ہیں۔'

روتھ فاؤ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنڈاکٹر روتھ فاؤ نے پاکستان میں کوڑھ کے مرض کے خاتمے کے لیے جدوجہد کی

مسعود جان خان نے لکھا ’آپ کے سازشی علم کو اکیس توپوں کی سلامی۔ ایک دن آپ ڈاکٹر روتھ فاؤ کو بھی بے ایمان قرار دے دیں گے کیونکہ وہ مسیحی تھیں۔'

شائستہ صفدر نے لکھا ’اگر مدر ٹریسا نے عیسائیت کی ترویج تو اس سے کسی کو کیوں مسئلہ ہوگا؟ ہر ایک کو اپنے مذہب کی ترویج، اشاعت اور تبلیغ کا حق ہے۔‘

ڈاکٹر فیم اقبال نے لکھا ’مدر ٹریسا نے اپنی ساری زندگی ٹی بی، کوڑھ، ایڈز اور ایچ آئی وی کے مریضوں کی دیکھ بھال میں گذاری، متعدد یتیم خانے چلائے۔‘

اس ہفتے کی تصاویر

کراچی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنکراچی میں ٹریفک پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔
آزادی ٹرین

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر چلائی جانے والی خصوصی ٹرین کی تیاریاں آخری مراحل میں