افغانستان الزام تراشیوں کی بجائے اپنے اندر جھانکے: آئی ایس پی آر

،تصویر کا ذریعہ ISPR
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پر الزام تراشیوں کی بجائے افغانستان کو اپنے اندر جھانکنے اور مسائل کی نشاندہی کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جی ایچ کیو میں کور کمانڈرز کی خصوصی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں کابل حملے کے بعد افغانستان کی جانب سے پاکستان پر لگائے جانے والے بلا جواز الزامات اور دھمکیوں کا جائزہ لیا گیا۔
بیان کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف جنگ میں افغانستان کی معاونت جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں افغانستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا اور افغان عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے کابل کے سفارتی علاقے میں ہونے والے دھماکے میں بقول افعان صدر اشرف غنی 150 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
اس کے بعد منگل کو کابل میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان پر ایک بار پھر دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے کا الزام لگایا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
افغان صدارتی محل سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان حکومت پاکستان کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے لیکن پاکستان کو یہ باور کرانا ہوگا کہ پرامن افغانستان ہی پاکستان کے مفاد میں ہے۔
افغان صدر نے پاکستان پر الزام لگایا ہے کہ اُنھیں آج بھی پاکستان سے جارحیت کا سامنا ہے۔








