’سوشل میڈیا توہین نہیں روک سکتا تو پھر ایسے میڈیا کی ضرورت نہیں‘

،تصویر کا ذریعہAFP
سوشل میڈیا پر مقدس ہستیوں کے خلاف شائع ہونے والے مواد کے خلاف دائر کی گئی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج نے کہا ہے کہ اگر سوشل میڈیا مقدس ہستیوں کی توہین کو نہیں روک سکتا تو پھر پاکستان میں ایسے میڈیا کی ضرورت نہیں ہے۔
بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتے فیصلہ کرے گی کہ سوشل میڈیا کو برقرار رہنا چاہیے یا پھر اس پر مکمل طور پر پابندی عائد کی جانی چاہیے۔
نامہ نگار کے مطابق اس درخواست کی سماعت کے دوران سیکرٹری داخلہ عارف احمد خان نے عدالت کو بتایا کہ کچھ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ متعدد مشتبہ افراد کی نگرانی کی جارہی ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ فیس بک سے گستاخانہ مواد ہٹانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے اور ضمن میں خفیہ اداروں سے بھی میں مدد حاصل کی جارہی ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ اس ضمن میں مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے جس میں انسداد دہشت گردی کی دفعات کے ساتھ ساتھ توہین مذہب کے قانون کے دفعات بھی لگائی گئی ہیں۔
سیکرٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ چونکہ یہ ایک حساس معاملہ ہے اس لیے احتیاط سے کام لے رہے ہیں جس پر بینچ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عدالت بھی اس ضمن میں احتیاط سے کام لے رہی ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ پاکستان کی دو سرحدیں ہیں ایک جغرافیائی اور دوسری نظریاتی۔ شوکت عزیز صدیقی کا کہنا تھا کہ جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے تو اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں جبکہ نظریاتی سرحد کی حفاظت کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے۔
اُنھوں نے کہا کہ اگر نظریاتی سرحدیں نہ رہیں تو پھر جغرافیائی سرحدوں کا دفاع بھی مشکل ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
درخواست گزار کے وکیل طارق اسد کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر سوشل میڈیا پر پابندی لگی تو وہ سڑکوں پر آئیں گے جس پر جسٹس شوکت عزیز نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت حکومت کو ملک میں ریفرینڈم کروانے کا بھی حکم دے سکتی ہے جس میں لوگوں سے پوچھا جائے کہ اُنھیں سوشل میڈیا عزیز ہے یا مقدس ہستیوں کی عزت۔

،تصویر کا ذریعہPA
ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ فیس بک کی انتظامیہ سے اس ضمن میں رابطہ کیا ہے اور ان کے فیصلے کا انتظار ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ فیس بک کی انتظامیہ جواب دینے میں دو سے تین ہفتے لگاتی ہے۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ’ فیس بک کی انتظامیہ کو بتادیں کہ مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی کے پیجز مکمل طور پر ختم ہونے تک پاکستان میں فیس بک پر پابندی بھی عائد کی جاسکتی ہے۔‘
عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ فیس بک استمال کرنے کا مالی فائدہ کس کو ہوتا ہے جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ بلا شبہ اس کا فائدہ فیس بک کی انتظامیہ کو ہی ہوتا ہے۔
جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا کہنا تھا کہ ’فیس بک کی معاشی حالت بھی بہتر ہور ہی ہے اور ہمیں ہی فیس بک پر گالیاں پڑ رہی ہیں۔‘
اُنھوں نے کہا کہ اس حساس معاملے سے توجہ ہٹانے کے لیے کرکٹرز پر سٹے بازی کا الزام لگا دیا گیا ہے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا کہنا تھا کہ اگر سٹے بازی کی تحقیقات کرنے ہے تو پھر 1996 سنہ کے ورلڈ کپ سے کی جائے کہ ہم انڈیا سے ورلڈ کپ کا کوارٹر فائنل کیوں ہارے۔
اس درخواست کی سماعت 27 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔










