’عمران خان حسبِ معمول تاریخ کی غلط جانب، پہلے طالبان اور اب پی ایس ایل ‘

پی ایس ایل

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنلاہور میں خواتین پی ایس ایل کا ٹکٹ دکھا رہی ہیں
    • مصنف, طاہر عمران
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام

سوشلستان میں ان دنوں پاکستان سُپر لیگ کا بخار عروج پر ہے۔ کون آ رہا ہے اور کون نہیں آرہا۔ ٹکٹ ختم ہو گئے یا نہیں اور لوگوں کا غم و غصہ کہ انھیں ٹکٹ کیوں نہیں ملا۔ تو اسی حوالے سے بات کرتے ہیں کہ آخر کیوں پی ایس ایل کے لاہور میں انعقاد پر رائے منقسم ہے اور لوگ عمران خان کے بیانات پر اتنے سیخ پا کیوں ہیں۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کو لاہور میں پاکستان سپُر لیگ کے فائنل کے انعقاد پر اعتراض ہے اور وہ اس بات کو برملا کہہ رہے ہیں۔

عمران خان نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'فائنل لاہور میں کروانے کا فیصلہ احمقانہ ہے اور کرفیو لگا کر تو میچ عراق اور شام میں بھی کروائے جا سکتے ہیں۔'

عمران خان کا کہنا تھا کہ 60 ہزار اہلکار لگا کر یہ پیغام دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ جیسے سب کچھ ٹھیک ہے تو اگر سب ٹھیک ہے تو پورا ٹورنامنٹ پاکستان میں کیوں نہیں کرواتے؟

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنعمران خان نے کہا کہ 60 ہزار اہلکار لگا کر یہ پیغام دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ جیسے سب کچھ ٹھیک ہے

اس پر تبصرہ کرتے ہوئے عباس نے ٹویٹ لکھی کہ 'عمران خان کیوں پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کروانے کے خلاف ہیں؟ یہی لوگ سکیورٹی مہیا کرنے پر لگے ہوتے اگر وہ وزیراعظم ہوتے۔ ان لوگوں کو ہماری حمایت چاہیے۔'

احد عباسی نے لکھا کہ 'عمران خان کو پی ایس ایل کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔ خدا کے لیے آپ ایک مایہ ناز کرکٹر رہ چکے ہیں ہمیں خود سے نفرت کروانے پر مجبور نہ کریں۔'

عدیم غفار رانا نے لکھا: 'عمران خان حسبِ معمول تاریخ کی غلط جانب ہیں۔ اس سے پہلے طالبان کے معاملے پر اور اب پی ایس ایل کے حوالے سے۔'

حسین فاروق کا کہنا تھا کہ 'میرے اندازے کے مطابق میں عمران خان سے متفق ہوں کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانا بہت بڑا خطرہ ہے جس کا کوئی فائدہ نہیں ہے چونکہ کوئی غیر ملکی کھلاڑی نہیں آ رہا ہے۔'

منصور علی خان نے لکھا کہ 'چونکہ عمران خان سمجھتے ہیں کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانا خطرناک ہے انھیں ایک کم درجے کا پاکستانی نہیں بناتا۔ براہِ مہربانی لوگوں کو اس طرح پرکھنا بند کریں۔'

احسن زوار نے لکھا 'عمران خان نے پی ایس ایل کے فائنل کے بارے میں جو کہا ہے اس میں کچھ غلط نہیں۔ یہ اُن کا نقطۂ نظر ہے جس کا احترام کیا جانا چاہیے اور ان کے تحفظات درست ہیں۔'

عمر اکمل ایک بار پھر ٹریفک پولیس کے ساتھ

عمر اکمل

،تصویر کا ذریعہTWITTER

،تصویر کا کیپشنعمر اکمل کو مخاطب کر کے لکھی گئی ٹویٹ

پاکستانی کرکٹر عمر اکمل اور ان کے حوالے سے کبھی ٹریفک پولیس اور کبھی دوسرے حکام خبروں میں رہتے ہیں اور اس بار محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے اہلکار خبروں میں ہیں۔ عمر اکمل کو حکام نے اُن کی غیر قانونی نمبر پلیٹ کی وجہ سے روکا جس پر ہنگامہ ہوا۔

عمر اکمل کا کہنا ہے کہ پولیس والے نے اُن سے برے طریقے سے بات کی مگر پنجاب کے وزیراعلیٰ کے امن عامہ پر سوشل مانیٹرنگ یونٹ نے عمر اکمل کو ٹوئٹر پر مخاطب کر کے کہا کہ 'عمر اکمل آپ کی کار پر غیر قانونی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی اور حکام قانون پھر عمل کرتے ہوئے انہیں ضبط کر سکتے ہیں اور ہٹا سکتے ہیں۔ براہِ مہربانی اپنے عمل سے مثالی نمونہ پیش کریں اور قانونی نمبر پلیٹس استعمال کریں۔'

عمران مغل نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ 'اس حرکت پر کوئی سزا نہیں دی گئی؟'

اس ہفتے کا تعارف

اس ہفتے ذکر کریں گے کرکٹ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر سرگرم خواتین میں سے ایک انعم ندیم کا۔ انعم کا تعلق سیالکوٹ سے ہے اور وہ نہ صرف کرکٹ دیکھنے کی شوقین ہی بلکہ کھیلتی بھی ہیں۔

اس ہفتے کی تصاویر

مہوش اخلاق

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنبائیکر مہوش اخلاق نے پاکستان کا بائیک ٹور کراچی سے شروع کیا۔
ربوٹ

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنملتان کے ایک ریستوران میں روبوٹ ویٹر کھانا لے کر جا رہے ہے۔ اس روبوٹ کو سید عثمان عزیز نے بنایا ہے جو الیکٹریکل انجینیئرنگ کے طالب علم ہیں۔ اس پر ان کے چار لاکھ روپے لگے اور یہ آٹھ مہینے میں تیار ہوا۔