پشین سے ایک افغان شہری کی تشدد زدہ لاش برآمد

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع پشین کے سے ایک افغان شہری کی تشدد زدہ لاش برآمد کی گئی۔
پشین میں پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ لاش شہر کے علاقے کلہ تراٹہ سے برآمد کی گئی۔
نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ ہلاک کیا جانے والا شخص افغانستان کا شہری تھا جنہیں نامعلوم افراد نے سینے میں ایک گولی ماری تھی۔ جس کے بعد لاش ویرانے میں پھینک دی گئی تھی ۔ تاحال ان کو ہلاک کرنے کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے۔
پشین بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے شمال میں 50کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
کوئٹہ، پشین اور بلوچستان کے پشتون آبادی والے دیگر علاقوں سے پہلے بھی افغان شہریوں کی تشددزدہ لاشیں برآمد ہوتی رہی ہیں۔
48 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے کسی علاقے سے برآمد ہونے والی یہ دوسری لاش تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل ایران سے متصل ضلع کیچ کے علاقے تمپ سے بھی ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی تھی۔
کیچ میں انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق تمپ سے جس شخص کی لاش برآمد ہوئی تھی اس کی شناخت ہوگئی ہے۔ اس شخص کا تعلق گوادر کے علاقے جیونی سے تھا جسے تین ماہ قبل اغوا کیا گیا تھا۔
بلوچستان میں حالات کی خرابی کے بعد سے 2007 سے تشدد زدہ لاشوں کی برآمدگی کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔
کمی و بیشی کے ساتھ لاشوں کی برآمدگی کا سلسلہ اب بھی جاری ہے لیکن سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ پہلے کے مقابلے میں ان میں کمی آئی ہے۔








