’بلاگرز پر مقدمات قائم کرنے کی خبروں میں صداقت نہیں ہے‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, فرحت جاوید
- عہدہ, بی بی سی اردو، اسلام آباد
پاکستان کے وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے لاپتہ ہونے والے بلاگرز پر مقدمات قائم کرنے کے حوالے سے میڈیا رپورٹس اور سوشل میڈیا پر جاری پراپیگنڈے کا نوٹس لیا ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بلاگرز پر مقدمات قائم کرنے کی خبروں میں قطعاً کوئی صداقت نہیں ہے۔
اس مہم کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ بعض عناصر کی جانب سے اس معاملے میں غلط معلومات کی تشہیر کا مقصد معاملے کو مزید الجھانا ہے۔
بیان کے مطابق منفی پراپیگنڈے اور غلط معلومات کی تشہیر سے لاپتہ بلاگرز کے اہلِ خانہ کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
وزیرِداخلہ نے لاپتہ افراد کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت حکومت کی تمام تر توجہ بلاگرز کی باخیریت بازیابی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گذشتہ دو ہفتوں کے دوران سوشل میڈیا پر سرگرم پانچ بلاگرز اور سماجی کارکن وقاص گورایہ، عاصم سعید، احمد رضا، سلمان حیدر اور ثمر عباس لاپتہ ہو گئے تھے۔
جبری گمشدگی کا شکار ہونے والے بلاگرز اور سماجی کارکنوں کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری مہم سنگین شکل اختیار کر چکی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سایٹ ٹویٹر اور فیس بک پر ان کے مبینہ اکاؤنٹس کی بعض پوسٹس شیئر کرتے ہوئے ان پر توہین مذہب کا الزام عائد کیا جا رہا ہے ۔
تاہم وقاص گورایہ اور سلمان حیدر کے اہل خانہ نے گذشتہ روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے توہین مذہب کے الزامات کو رد کیا تھا۔
ان بلاگرز کے اہل خانہ نے وزیر اعظم نواز شریف، وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے لاپتہ ہونے والے بلاگرز کی بازیابی کا مطالبہ کیا تھا۔
لاپتہ بلاگرز کے اہلِ خانہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر جاری مہم سے ان کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے۔









