لودھراں میں ٹرین اور رکشے کی ٹکر، چھ طلبہ ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جنوبی پنجاب کے شہر لودھراں میں ایک ٹرین اور موٹر سائیکل رکشے میں ٹکر ہو گئی جس سے چھ طلبہ ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہزارہ ایکسپریس نے ریلوے پھاٹک سے گزرنے والے رکشے کو ٹکر مار دی۔
زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال لودھراں منتقل کر دیا گیا ہے۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ اور وزیرِ اعلیٰ شہباز شریف نے حادثے پر گہرے غم و افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں انھوں نے دکھی خاندانوں سے اظہارِ تاسف کیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کی بہترین دیکھ بھال کی جائے۔
پاکستان میں ٹرینوں کے حادثے عام ہیں جن کی وجہ عام طور پر ناقص حفاظتی انتظامات اور شکستہ بنیادی ڈھانچہ ہوتا ہے۔
گذشتہ برس نومبر میں کراچی کے لانڈھی ریلوے سٹیشن کے قریب زکریا ایکسپریس اور فرید ایکسپریس کے ٹکرانے سے 21 افراد ہلاک اور جبکہ 60 زخمی ہوگئے تھے۔





