پاکستان: تین ماہ کی خشک سالی کے بعد پہلی بارش

،تصویر کا ذریعہEPA
- مصنف, سارہ حسن
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان میں گذشتہ تین ماہ سے جاری طویل خشک سالی کے بعد اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور برف باری ہوئی ہے۔
بدھ کو خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں 30 سے 40 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ اسلام آباد راولپنڈی میں اوسطً دس ملی میٹر بارش ہوئی۔
اسلام آباد میں محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر محمد حنیف نے بی بی سی کو بتایا کہ گذشتہ موسمیاتی پیٹرن النینو کے سبب موسم سرما کی بارشیں متاثر ہوئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب سے آنے والی ہوائیں حالیہ بارش کی وجہ بنی، یہ موسمیاتی سسٹم دو روز قبل یورپ، ایران اور افغانستان سے ہوتا ہوا پاکستان میں داخل ہوا۔
برف باری اور بارش کے بعد سردی کی شدت بڑھنے کا امکان جبکہ محکمۃ موسمیات نے رواں ماہ ایک اور بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔
محمکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب اور سندھ میں دھند برقرار رہی گی لیکن اس کی شدت میں کمی آئے گی۔
یاد رہے کہ موسمیاتی پیٹرن النینو کے اثرات کی وجہ سے پاکستان، سمیت جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے ممالک متاثر ہوئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان میں گذشتہ چند ماہ سے جاری خشک سالی کے سبب فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا تھا جس سے مختلف موسمیاتی بیماریوں کی شرح بڑھ گئی تھی جبکہ خشک سالی کے سبب بارانی علاقوں میں گندم کی فضل بری طرح متاثر ہوئی تھی۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برف باری نہ ہونے کے سبب آبی ذخائر میں پانی کی سطح بھی تیزی سے کم ہو رہی تھی۔

،تصویر کا ذریعہAP
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تین ماہ کی خشک سالی کے بعد شمالی علاقوں اور خیبر پختونحوا کے پہاڑی علاقوں میں اوسطً ایک سے ڈیڑھ فٹ برف پڑی ہے جبکہ مری اور گلیات کے علاقوں میں اوسطً آدھا فٹ برف باری ہوئی۔
ڈائریکٹر محمد حنیف کے مطابق ملک میں حالیہ بارش اور برف باری کا سلسلہ مزید دو دن تک جاری رہے گا اور جمعرات کو اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش ہو گی جبکہ جمعے کو شمالی علاقوں میں برف باری کی توقع ہے۔










