پنجاب کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں، ’بارش کا امکان نہیں‘

،تصویر کا ذریعہAP
- مصنف, شیراز حسن
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کے محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بیشتر میدانی علاقے آئندہ دو دن تک دھند کی شدید لپیٹ میں رہیں گے جبکہ میدانی علاقوں میں آئندہ دو ہفتوں تک بارشوں کا امکان نہیں ہے۔
ڈائریکٹر محمد حنیف نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’پچھلے کئی ہفتوں سے پاکستان کے میدانی علاقوں میں موسم خشک ہے اور یہ غیرمعمولی صورتحال ہے اور ملک میں پر پانچ سے چھ سال بعد اس وقت اس قسم کا موسم بنتا ہے جب موسم سرما کی بارشیں تاخیر کا شکار ہوتی ہیں یا کم ہوتی ہیں۔‘
محمد حنیف کا کہنا ہے کہ بارشیں کم ہونے کی وجہ سے فضائی آلودگی زیادہ ہے اور بارانی علاقوں میں گندم کی کاشت کافی حد تک متاثر ہوئی ہے۔
’بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے ہی پچھلے پانچ دنوں سے ملک کے میدانی علاقوں میں خصوصاً پنجاب میں شدید دھند ہے اور گذشتہ دو دنوں میں ناصرف دھند کی شدت میں اضافہ ہوا بلکہ اس کے پھیلاؤ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اب یہ پنجاب کے میدانی علاقوں کے علاوہ سندھ کے بالائی میدانی علاقے سکھر، گھوٹکی اور خیبرپختونخوا کے جنوبی علاقوں ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں تک پھیل چکی ہے۔‘
محمد حنیف کے مطابق دھند کی سب سے زیادہ شدت بالائی پنجاب اور لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان کے علاقوں سمیت موٹروے اور جی ٹی روڈ کے بیشتر حصوں میں ہے۔
’صبح اور رات کے وقت دھند کی شدت سب سے زیادہ ہوتی ہے اور آج کل اس کا دورانیہ دس سے 12 گھنٹے ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند دنوں میں پاکستان کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان نہیں لہذا آئندہ دو دنوں میں اس کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا اور رواں ہفتے کے آخر تک پنجاب کے میدانی علاقوں میں اس کا دورانیہ 14 سے 16 گھنٹے تک ہوسکتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
محمد حنیف کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں رواں موسم کی اچھی برفباری ہوئی ہے اور آئندہ چند دنوں میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے تاہم ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں کم از کم آئندہ دو ہفتوں تک شدید بارش کے آثار دکھائی نہیں دے رہے۔
دوسری جانب نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ شدید دھند کے باعث رات ساڑھے سات بجے سے صبح ساڑھے آٹھ بجے کے درمیان موٹروے کی مختلف حصوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا جاتا ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق دن کے وقت موٹروے پر ٹریفک معمول کے مطابق رہتی ہے جبکہ انھیں موٹروے پر دھند کے باعث کسی قسم کے حادثے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔








