پاناما لیکس مقدمے میں ’التوا نہیں، اب سماعت روزانہ ہوگی‘

- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پانامالیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت کرنے والے سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے کہا ہے کہ عدالت کو دیکھنا ہوگا کہ کیا سعودی عرب یا دبئی سے قطر بھیجی گئی رقم پر پاکستان کے قوانین لاگو ہوتے ہیں یا نہیں۔
عدالت کا کہنا تھا کہ محض کسی شخص (وزیر اعظم ) کی تقریروں میں پیش کیے گئے حقائق کو بنیاد بنا کر اس مقدمے کا فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔
جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے وزیر اعظم محمد نوازشریف اور اُن کے بچوں کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کی۔
پاکستان تحریک انصاف کے وکیل نعیم بخاری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے پانامالیکس کے بارے میں قوم اور پھر پارلیمنٹ میں جو تقاریر کی تھیں اس میں حقائق کو جان بوجھ کر چھپایا گیا تھا اور ان تقریروں میں قطر میں ہونے والے بزنس کا کوئی ذکر نہیں تھا۔
اُنھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے قطر میں کیے گئے کاروبار کا ذکر الیکشن کمیشن میں جمع کروائے گئے کاغذات میں کہیں نہیں کیا اور نہ ہی ٹیکس گوشواروں میں اس کا ذکر کیا گیا ہے۔
نعیم بخاری نے مذید دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے جان بوجھ کر حقائق چھپائے ہیں اس لیے وہ صادق اور امین نہیں رہے لہذا عدالت اُنھیں نااہل قرار دے۔
بینچ میں شامل جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ کیا وزیر اعظم نے صریحاً ایسا کیا ہے یا پھر غلطی سے ایسا ہوگیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نعیم بخاری کا کہنا تھا کہ دوبئی میں شریف فیملی نے جو گلف سٹیل مل خریدی تھی اس سلسلے میں بی سی سی آئی سے قرضہ لیا تھا اور ابھی تک یہ معلوم نہیں ہے کہ اس بینک کا قرضہ بھی اتارا گیا ہے یا نہیں۔
اُنھوں نے کہا کہ سنہ 1980 میں گلف سٹیل مل کے لیے بارہ ملین درہم دبئی بھجوائے گئے تھے اور اطلاعات کے مطابق سنہ 2000 میں یہ بارہ ملین درہم موجود تھے۔
جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیے کہ عدالت کو یہ دیکھنا ہے کہ دوبئی سے جدہ اورپھر قطر گئی رقوم اگر غیر قانونی طور پر بھجوائی گئی ہے تو کیا ان ممالک میں کیے گیے غیر قانونی اقدام پاکستانی قوانین کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
بینچ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عدالت کو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ جس دور میں لندن میں یہ فلیٹ خریدے گئے اس وقت میاں نواز شریف کسی عوامی عہدے پر فائز تھے یا نہیں کیونکہ وزیر اعظم کے بقول وہ سنہ 1997 میں کاروبار سے الگ ہوگئے تھے۔
بینچ میں شامل جسٹس اعجاز الحسن نے پاکستان تحریک انصاف کے وکیل سے استفسار کیا کہ یہ فلیٹ کس نے خریدے تھے تو اس پر نعیم بخاری نے کہا کہ یہ فلیٹس نیسکول اینڈ نیلسن کمپنی نے خریدے تھے۔
اس پر جسٹس اعجاز نے کہا ہے کہ اب یہ ثابت کرنا آپ کا کام ہے کہ یہ کمپنی 1993 میں حسین نواز کی ملکیت تھی۔
بینچ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ چونکہ یہ انتہائی اہم معاملہ ہے اس لیے ان درخواستوں کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے گی۔ نعیم بخاری جمعرات کو بھی اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔









