جنید جمشید کی میت کی شناخت ہوگئی

جنید جمشید

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنجنید جمشید کی لاش کی شناخت ان کے چہرے کے ایکسرے اور دانتوں کی ہسٹری سے ہوئی ہے

پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کے گزشتہ ہفتے حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں سوار مسافروں میں شامل معروف نعت خواں اور ماضی کے مقبول گلوکار جنید جمشید کی میت کی شناخت ہوگئی۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے بتایا کہ جنید جمشید کی لاش کی شناخت ان کے چہرے کے ایکسرے اور دانتوں کی ہسٹری سے ہوئی ہے۔

52سالہ جنید جمشید اپنی اہلیہ کے ہمراہ چترال میں تبلیغی دورے کے بعد اسلام آباد جا رہے تھے۔

جنید جمشید کے اہلخانہ کو میت کی شناخت سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔

امکان ہے کہ منگل کو جنید جمشید کی میت کل اہلِ خانہ کے حوالے کر دی جائے گی۔

پی آئی کی چترال سے اسلام آباد جانے والی پرواز حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگئی تھی جس میں عملے کے پانچ ارکان سمیت تمام 47 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

فورنزک ماہرین نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ حادثے کے بعد جائے وقوع پر لگنے والی آگ کے باعث لاشوں کی شناخت کرنا انتہائی مشکل ہو گیا تھا اور ڈی این اے سیمپلنگ کے ذریعے تمام لاشوں کی شناخت مکمل کی جائِے گی۔