جھنگ: صوبائی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب

پاکستان، جھنگ ضمنی انتخاب

،تصویر کا ذریعہReuters

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وسطی ضلعے جھنگ میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی ہی 78 پر ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے اور ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

صوبائی اسمبلی کی اس نشست پر پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نواز اور مذہبی جماعت اہلسنت و الجماعت کے حمایت یافتہ امیدوار سمیت 25 امیدوار میدان میں ہیں۔

یہ نشست مسلم لیگ نواز سے تعلق رکھنے والی رکن راشدہ یعقوب کے نہ اہل ہونے کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔

پی پی 78 میں کل ووٹوں کی تعداد 216562 ہے جن میں سے 118627 مرد اور 97935 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

حلقے میں پولنگ سٹیشن کی کل تعداد 171 ہیں اور تمام پولنگ سٹیشنوں حساس قرار دیا گیا تھا۔

صوبائی حلقے کے ضمنی انتخابات کے انعقاد کے دوران پولنگ سٹیشنوں پر رینجرز اہلکار تعینات تھے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سرفراز ربانی مسلم لیگ نواز کی جانب سے ناصر انصاری اور آزاد امیدوار مسرور جھنگوی کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔

صوبائی اسمبلی کے اسی حلقے سے اہلسنت و الجماعت کے سربراہ مولانا احمد لدھیانوی بھی امیدوار تھے تاہم آخری وقت میں وہ مسرور جھنگوی کے حق میں دستبردار ہو گئے۔

مسرور جھنگوی کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ کے بانی حق نواز جھنگوی کے بیٹے ہیں۔

مولانا احمد لدھیانوی کو پی پی 78 میں الیکشن لڑنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے نااہل قرار دیا تھا تاہم الیکشن سے چند روم قبل لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی بینچ نے مولانا احمد لدھیانوی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

لدھیانوی گروپ اور جھنگوی گروپ میں ووٹوں کی تقسیم کی خدشے کے پیشِ نظر مولانا احمد لدھیانوی مسرور جھنگوی کے حق میں دستبرادر ہو گئے۔