ایل او سی پر فائرنگ :’پاکستان کے چار شہری انڈیا کے چھ فوجی ہلاک‘

،تصویر کا ذریعہAP
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ ایل او سی پرانڈین فائرنگ کے نتیجے میں چار شہری ہلاک ہوئے جبکہ پاکستان کی جوابی فائرنگ میں چھ انڈین فوجی ہلاک ہوئے۔
منگل کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا کہ بورہ سیکٹر، جندروت سیکٹر، اور کریلا سیکٹر کے مکین فائرنگ کی زد میں آئے۔ ہلاک شدگان میں ایک عورت بھی شامل ہے۔
پاکستان کا دعویٰ ہے کہ فوج کی جوابی کارروائی میں انڈیا کا بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اب تک چھ انڈین فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔
پاکستان اور انڈیا کے تعلقات میں 18 ستمبر کو ہونے والے اوڑی حملے کے بعد سے کشیدگی پائی جاتی ہے۔ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں بریگیڈ ہیڈ کوارٹر پر حملے میں 18 فوجیوں کی ہلاکت کا الزام نئی دہلی کی جانب سے اسلام آباد پر عائد کیا گیا تھا، جسے اسلام آباد نے سختی سے مسترد کردیا تھا۔
یاد رہے کہ دونوں ممالک کی کشیدگی کے باعث لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کا تبادلہ معمول بن چکا ہے جس میں کئی شہریوں سمیت کئی فوجی بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔




