خیبر ایجنسی: خاصہ دار فورس کے اہلکار کی ہلاکت کے بعد پاک افغان شاہراہ بند

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز پر ہونے والے ایک حملے میں خاصہ دار فورس کے ایک اہلکار ہلاک اور تین ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
اس واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کرفیو نافذ کرکے خیبر ایجنسی سے گزرنے والی پاک افغان شاہراہ ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کر دی ہے۔
پولیٹکل انتظامیہ خیبر کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ حملہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب پشاور شہر سے متصل خیبر ایجنسی کے علاقے جمرود میں تختہ بیگ کے مقام پر پیش آیا۔
انھوں نے کہا کہ مسلح شدت پسندوں نے پولیٹکل انتظامیہ اور ایف سی کی مشترکہ چیک پوسٹ پر راکٹ لانچروں سے حملہ کردیا جس سے وہاں ڈیوٹی پر موجود خاصہ دار فورس کے ایک اہلکار موقع ہی پر ہلاک ہوئے جبکہ ایف سی کے تین اہلکار زخمی ہوئے۔
انھوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے اتوار کی صبح سے جمرود تحصیل اور آس پاس کے علاقوں میں کرفیو نافذ کرکے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔
پولیٹکل انتظامیہ خیبر کے اہلکار کے مطابق آپریشن کے باعث خیبر ایجنسی سے گزرنے والی پاک افغان شاہراہ ہر قسم کے ٹریفک کےلیے بند کردی گئی ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
سرکاری اہلکار کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کی طرف سے باڑہ تحصیل میں بھی کرفیو نافذ کرکے وہاں گھر گھر تلاشی کا عمل شروع جاری ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کرفیو اور پاک افغان شاہراہ کے بندش کے باعث افغانستان سے آنے والی درجنوں گاڑیاں تورخم سرحد اور لنڈی توتل کے علاقوں میں سڑک کےکنارے کھڑی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے تقریباً ایک سال قبل آپریشن خیبر ون اور خیبر ٹو کے اختتام پر ایجنسی کو شدت پسندوں سے صاف قرار دیا گیا تھا۔ تاہم اس دوران سکیورٹی فورسز پر مختلف علاقوں وقتاً فوقتاً مسلح شدت پسندوں کی طرف سے حملے ہوتے رہے ہیں۔
چند دن پہلے جمرود کے علاقے میں شدت پسندوں کی طرف سے پولیو کے ایک کارکن کو ٹارگٹ کلنگ کے ایک حملے میں ہلاک کیا گیا تھا۔








