آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
بلوچستان: آواران میں دھماکے سے ایک شہری ہلاک
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع آواران میں بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
آواران میں انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق یہ واقعہ ضلع کے علاقے کلر میں پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق اس علاقے میں سڑک کنارے دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا تھا جس کے پھٹنے سے ایک عام شہری ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔
آواران سے متصل ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز نے ایک کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
کوئٹہ میں ایف سی کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائی ضلع کے علاقے ناگ میں کی گئی جس میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والا ایک عسکریت پسند ہلاک ہوا۔
آزاد ذرائع سے ہلاک ہونے والے شخص کی فائرنگ کے تبادلے میں ہلاکت اور کالعدم تنظیم سے تعلق کی تاحال تصدیق نہیں ہوئی۔
ایک اور واقعے میں ضلع کچھی کے علاقے بولان میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا ہے۔
ایف سی کے ترجمان کے مطابق نامعلوم افراد نے آب گم کے قریب ریلوے ٹریک کے ساتھ دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایف سی اور ریلوے پولیس کے اہلکار دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنارہے تھے کہ اس دوران دھماکہ خیز مواد کو ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا۔
دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ٹریک کو نقصان پہنچا لیکن اہلکار محفوظ رہے۔
ریلوے ٹریک پر بم دھماکے اور گزشتہ شب خاران میں راکٹ حملے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی ہے۔