پاک فوج کا بھارتی فوج پر الزام | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یا آئی ایس پی آر کے ترجمان نے الزام عائد کیا ہے کہ ہندوستان کی فوج نے جمعے کو متنازعہ کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنڑول کی دوسری جانب سے فائرنگ کی ہے۔ جس کے نتجے میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی ہے۔ پاکستان کی فوج نے گزشتہ دس دنوں کے دوران دوسری مرتبہ بھارتی فوج پر بغیر کسی اشتعال کے فائرنگ کا الزام عائد کیا ہے۔ بمبئی بم دھماکوں کے بعد عام تاثر ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان قیام امن کی کوششوں کو دھچکا لگا ہے ۔ آئی ایس پی آر کے ترجمان نے مظفرآباد میں کہا ہے کہ یہ خاتون جنوبی ضلع کوٹلی کے سرحدی گاؤں بالاکوٹ میں اس وقت مبینہ طور پر بھارتی فوج کی فائرنگ کے زد میں آکر شدید زخمی ہوئی جب وہ گھاس کاٹ رہی تھی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ خاتون لائن آف کنڑول سے کوئی چار سو گز کے فاصلے پر اپنے علاقے میں تھی۔ اس خاتون کو فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے پاکستان کے شہر راولپنڈی میں ایک فوجی ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔ فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لائن آف کنڑول کی دوسری جانب سے صرف ایک ہی گولی فائر کی گئی اور یہ کہ یہ سنائپر فائر ہوسکتا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ہندوستان کی فوج کی طرف سے فائرنگ کا بظاہر مقصد اشتعال دلانا ہوسکتا ہے۔ نومبر سن دو ہزار تین میں کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنڑول پر ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان فائر بندی کے بعد بھی لائن آف کنڑول پر مخلتف اوقات میں دو طرفہ فائرنگ کے اکا دکا واقعات ہوئے لیکن اس وقت دونوں ملکوں کی کوشش رہی کہ اس کی تشہیر نہ ہو تا کہ قیام امن کی کوششوں کو نقصان نہ پہنچے۔ لیکن گزشتہ دس دنوں کے دوران دوسری بار ہے کہ پاکستان نے ہندوستان کی فوج پر لائن آف کنڑول کے دوسری جانب سے فائرنگ کا الزام عائد کیا ہے۔ قبل ازیں رواں ماہ کےوسط میں بھی پاکستان کی فوج نے ہندوستان کی فوج پر فائرنگ کرنے کا الزام عائد کیا تھا اور کہا تھا کہ واقعہ میں کشمیر کے اس علاقے کے دو نوجوان زخمی ہوئے تھے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ آئندہ کچھ عرصے میں ظاہر ہوجائےگا کہ لائن آف کنڑول پر حال میں ہونے والے فائرنگ کے چند واقعات اپنی نوعیت کے علحیدہ واقعات ہیں۔ | اسی بارے میں ’جنت‘ کے دکھی انسان24 June, 2004 | پاکستان کشمیر پر مذاکرات کے تانے بانے25 June, 2004 | پاکستان کشمیر میں دراندازی کی تردید 20 August, 2004 | پاکستان دو پاکستانی مغویوں کو قتل کر دیا گیا29 July, 2004 | پاکستان نٹورسنگھ - صدر مشرف ملاقات 23 July, 2004 | پاکستان باڑ پر حکومتی خاموشی پر تشویش17 July, 2004 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||