 |  پنا گزینوں کی میزبانی کا بوجھ غریب ممالک پر پڑ رہا ہے |
اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں جنگ اور ظلم سے فرار ہونے والے لاکھوں افراد کے پاس پناہ کے ٹھکانے کم ہوتے جا رہے ہیں۔ پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر ادارے نے کہا دنیا کے اکثر صنعتی ممالک سیاسی پناہ کے ضوابط سخت کر رہے ہیں اور ترقی پذیر ممالک پر ایسے افراد کی میزبانی کا بوجھ بڑھ رہا ہے۔ اقوام متحدہ اس موقع پر پناہ گزینوں کی جرات کو موضوع بحث بنا رہی ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ وہ بتانا چاہتے ہیں کہ پناہ گزیں کی حیثیت سے زندگی گزارنے کے لیے کس جرات کی ضرورت ہوتی ہے۔ ادارے کے سربراہ اینٹونیو گٹیریس یوگینڈا کے شمال میں پناہ گزیں کیمپوں کا دورہ کر ہے ہیں جہاں لاکھوں سوڈانی سالوں سے گھر جانے کے انتظار میں بیٹھے ہیں۔ |