 |  سری لنکا میں تباہی کے بعد تعمیر نو کا کام |
برطانوی خیراتی ادارے آکسفیم نے کہا ہے کہ سونامی کے بعد امداد کے طور پر اقوام متحدہ کی طرف سے مانگے گئے ایک ارب ڈالر میں سے صرف آدھی رقم مل سکی ہے۔ بحرہ ہند میں سونامی سے ہونے والی تباہی کے ایک ماہ بعد آکسفیم نےاپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ متاثرین کی بحالی اور امداد کے لیے مزید کوشش کی ضرورت ہے۔ دریں اثناء ایک اور خیراتی ادارے ریڈ کراس نے کہا ہے کہ مناسب عطیات ملنے کے بعد وہ امدادی رقم جمع کرنے کے لیے شروع کی گئی مہم ختم کر رہی ہے۔ دنیا بھر میں ریڈ کراس کی ستر سوسائیٹیاں اس مہم میں شامل تھیں۔ ادارہ بدھ کو جمع ہونے والی رقم کی تفصیلات جاری کرے گا۔ بحر ہند میں سونامی سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے تھے۔ دسمبر کے آخری ہفتے میں آنے والی اس لہر سے دو لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ آکسفیم نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ پہلے چھ ماہ کے دوران خوراک اور صحت کی فوری ضروریات پوری کرنے کے لیے مختلف ممالک سے ضروری رقم مل چکی ہے۔ ادارے نے رپورٹ میں لکھا ہے کہ متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے لیے مزید چار ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔ رپورٹ میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ مطلوبہ امداد کا بندوبست ہو جائے گا لیکن اس کے ساتھ ہی ادارے کا خیال ہے کہ ماضی کے تجربات کی روشنی میں تشویش کی گنجائش ہے۔ آکسفیم نے کہا ہے کہ ایران کے شہر بام میں دو ہزار تین میں زلزلے کے بعد بتیس ملین ڈالر کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن صرف سترہ ملین ڈالر حاصل ہو سکے تھے۔ |