فلوجہ: دو فوجی ہلاک واپسی شروع | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
فلوجہ میں ایک ماہ کی خون ریز جنگ کے بعد امریکی فوجیں وہاں سے واپس جانا شروع ہو گئی ہیں اور عراق میں امریکی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ دو امریکی فوجی ایک بم دھماکے میں ہلاک ہوئے ہیں۔ بریگیڈیر جنرک مارک کیمٹ نے بتایا ہے کہ یہ بم حملہ فلوجہ میں امریکی فوجی کے باہر سڑک کے کنارے کیا گیا۔ دریں اثناء عینی شاہدین کے مطابق امریکی میرینز نے جنوب اور مغرب کے مورچے جمعہ کی صبح خالی کرنا شروع کر دیئے۔ معزول عراقی صدر صدام حسین کے ایک سابق جنرل کی سربراہی میں نئی عراقی فوج امریکی فوج کی جگہ لے گی۔ تاہم امریکی فوج شہر کے باہر موجود رہے گی۔ اتحادی فوج کے سربراہوں کا خیال ہے کہ عراقی فوج مسلح مزاحمت کاروں سے نمٹنے کے لئے امریکی فوج سے زیادہ کارآمد ثابت ہو گی۔ دریں اثنا امریکی ملٹری تحقیقاتی کمیشن نے ان فوجیوں کے خلاف انضباتی کارروائی کا حکم دیا ہے جو عراقی قیدیوں کے ساتھ برا سلوک کرنے میں ملوث ہیں۔ امریکہ کے ایک ٹی وی چینل نے ایسی تصاویر نشر کی ہیں جن میں بغداد کی ابو غریب جیل میں امریکی فوجیوں کو مبینہ طور پر عراقی قیدیوں کے ساتھ بدسلوکی کرتے دکھایا گیا ہے۔ سی بی ایس نامی ٹی وی چینل کا کہنا ہے کہ اس کے پاس ایسی درجنوں تصاویر ہیں جو امریکی فوجیوں نے لی ہیں اور جن میں عراقی قیدیوں کے ساتھ مختلف طرح کی بدسلوکی کرتے دکھایا گیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||