 |  فلوجہ پر طیاروں سے بمباری اور ٹینکوں سے گولہ باری کی گئی |
عراقی شہر فلوجہ کا محاصرہ اٹھانے کے سلسلے میں ایک سمجھوتہ طے پا گیا ہے جس کے تحت امریکی میرین دستے واپس بلا لئے جائیں گے۔ فلوجہ کا محاصرہ کرنے والے امریکی میرین دستوں کے کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل برینن بئرن کا کہنا ہے کہ امریکی میرین دستوں کی جگہ اب گیارہ سو عراقی فوجیوں پر مشتمل دستہ لے گا۔اس دستے کی کمان صدام دور کے ایک سابق فوجی جنرل کے ہاتھ میں ہو گی۔اور اس دستے کا نام فلوجا پروٹیکٹیو آرمی ہوگا۔ تاہم یہ دستہ امریکی میرینز کے احکامات کے تحت کام کرے گا۔لیکن اگر فلوجہ میں کوئی سمجھوتہ طے پایا ہے تو اسکی تصدیق بغداد میں امریکی فوجی ہیڈکوارٹر سے ہونا باقی ہے۔ ایک غیر مصدقہ اطلاع کے مطابق فلوجہ میں ایک فوجی چوکی پر متعین امریکی میرینز نے ایک مسافر منی بس پر فائرنگ کردی جس سے چار عراقی ہلاک ہوگئے۔ |