BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Sunday, 18 November, 2007, 10:39 GMT 15:39 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
سائے سے کون ڈرے

پاکستان ایمرجنسی فائل فوٹو
’اگر نہیں ڈر رہا تو وہ ہے سڑک پر رواں آدمی‘
سب ڈر رہے ہیں ایک دوسرے سے-
جان نیگرو پونٹے اس بھیانک خواب سے کہ اگر انتشار بڑھ گیا تو دہشت گردی کے خلاف جنگ تو گئی جہنم میں۔ ان دس، بیس، پچاس جوہری ہتھیاروں کا کیا ہوگا جو اس وقت پاکستان کے کسی مال خانے میں پڑے ہیں۔

جنرل پرویز مشرف اس تصور سے کہ ایمرجنسی اٹھانے سے کھلے انکار کے بعد نیگرو پونٹے واشنگٹن میں کیا رپورٹ دیتے ہیں۔ چاہے وہ ویتنام ہو،ہنڈوراس ہو یا اقوامِ متحدہ یا عراق کی سفارت،یا پھر امریکی انٹیلی جینس اداروں کی اجتماعی کمانداری یا سٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں نائب وزارتِ خارجہ ہو۔

سب جانتے ہیں کہ نیگرو پونٹے وہ سبز قدم بیورو کریٹ ہیں جن کے پاؤں پچھلے چالیس برس میں جہاں بھی پڑے وہاں پھرگھاس نہ اگی، ستائیس اکتوبر انیس سو اٹھاون کو جو کچھ اسکندر مرزا کے ساتھ ہوا،پچیس مارچ انیس سو انہتر کو جو کچھ ایوب خان کے ساتھ ہوا وہ تیسری بار بھی تو ہوسکتا ہے نا۔۔۔۔۔۔

سب ڈر رہے ہیں ایک دوسرے سے

بے نظیر بھٹو اپوزیشن جماعتوں سے جنہیں اس بار بھی ساتھ لے کر چلنا مجبوری ہے اور ساتھ نہ چلنا بھی مجبوری ہے۔

اپوزیشن جماعتیں بےنظیر سے جو کل پھر اپنی دوکان بڑھا سکتی ہیں جیسے انیس سو اٹھاسی میں ایم آر ڈی کو پیچھے چھوڑ دیا گیا تھا۔

جیسے بابے نصراللہ خان کے پیروں تلے سے صدارتی امیدواری کا قالین کھینچا گیا تھا۔
جیسے بلخ شیر مزاری کی نگراں کابینہ کا حصہ بنا گیا تھا۔

جیسے ایک ہاتھ سے چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط کیے جارہے تھے تو دوسرا ہاتھ پرویز مشرف کی طرف بڑھ رہا تھا۔

جیسے صدارتی انتخاب میں امیدوار بھی کھڑا کیا گیا اور پھر بائیکاٹ بھی کیا گیا۔

 اگر نہیں ڈر رہا تو وہ ہے سڑک پر رواں آدمیکبھی روتے ہوئے، کبھی ہنستے ہوئے، خود کلامی میں مگن چلتے ہوئے۔کبھی سامان سر پر اٹھائے تو کبھی آسمان سر پر اٹھائے۔

سب ڈر رہے ہیں ایک دوسرے سے

اے آر ڈی والے اے آر ڈی والوں سے
متحدہ مجلسِ عمل والے متحدہ مجلسِ عمل والوں سے
اے پی ڈی ایم والے اے پی ڈی ایم والوں سے
اور پونم والے پونم والوں سے
سیاسی کارکن پارٹی قیادت سے
اور پارٹی قیادت اپنے کارکنوں سے

سب کو آگے بھی بڑھنے کا شوق ہے اور مڑ مڑ کر اپنے اپنے کاندھوں سے پیچھے بھی دیکھنا ہے کہ کہیں کوئی رہ تو نہیں گیا، بیٹھ تو نہیں گیا، رفوچکر تو نہیں ہوگیا، غیر سے ہاتھ تو نہیں ملا لیا، کسی کو آنکھ تو نہیں ٹکا دی۔۔۔۔۔۔۔

سب ڈر رہے ہیں ایک دوسرے سے

حاکم جج سے
جج حاکم سے
میڈیا مالکان صحافی سے
صحافی مالکان سے
نیم فوجی سپاہی طالبان سے
طالبان فوج سے
اور فوج اپنے آپ سے

سب ڈر رہے ہیں ایک دوسرے سے

اگر نہیں ڈر رہا تو وہ ہے سڑک پر رواں آدمیکبھی روتے ہوئے، کبھی ہنستے ہوئے، خود کلامی میں مگن چلتے ہوئے۔کبھی سامان سر پر اٹھائے تو کبھی آسمان سر پر اٹھائے۔
وہ کل بھی اسی طرح چل رہا تھا
کل بھی یونہی چلے گا
ڈر تو اسکا سایہ ہے
اور سائے سے کون ڈرتا ہے۔

اسی بارے میں
گھر سے اٹھا ہے فتنہ: وسعت
18 March, 2007 | قلم اور کالم
’ڈیڈ لائن ختم ہونے سے پہلے‘
01 August, 2006 | قلم اور کالم
ایشور لال کا خط
12 August, 2007 | قلم اور کالم
مہمان نوازی کا بھگتان
28 March, 2004 | قلم اور کالم
ہزار سال پہلے، پچاس برس بعد
22 August, 2004 | قلم اور کالم
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد