فول پروف کھانے اور ان کا مطلب | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انگریزی کی ایک اصطلاح ہے فول پروف۔جس کا مفہوم ہے غلطی کے امکان سے پاک عمل۔اس دنیا میں ایسے بہت کم اقدامات ہو سکتے ہیں جن کے فول پروف یا غلطی سے پاک ہونے کا دعوی ہو سکے۔اس لیے ایسی اصطلاحات نہائت احتیاط سے استعمال ہونی چاہیئں۔لیکن پاکستان میں چھ ہفتے کی تعطیلات گذارنے کے دوران محسوس ہوا کہ ان دنوں وہاں جو اصطلاحات بہت فراخدلی سے استعمال ہو رہی ہیں ان میں سے ایک ہے فول پروف۔ مثلاً لاہور میں جس ٹیکسی میں سفر کر رہا تھا وہ ایک جگہ ذرا دیر کے لیے رکی اور پیچھے سے آنے والی ایک کار نے اسے ٹکر ماری۔ ظاہر ہے اسکے بعد میرے ڈرائیور اور کار والے کا جھگڑا ہونا لازمی تھا سو ہوا۔گاڑی والے کا اصرار تھا کہ میری ڈرائیونگ تو فول پروف ہے آپ کی ٹیکسی ہی غلط جگہ پارک ہے۔ اسی لاہور کی پرانی انارکلی کی نئی فوڈ اسٹریٹ میں ایک بورڈ دیکھ کر تقریباً پتہّ اچھل گیا۔ لکھا تھا ذائقہ ہاؤس، کابلی پلاؤ، چپلی کباب، سجی، کٹاکٹ۔ صحت بخش اور فول پروف کھانوں کا مرکز۔ میں نے مالکِ دوکان سے پوچھا صحت بخش تک تو ٹھیک ہے یہ فول پروف کھانے کیا ہوتے ہیں۔ کہنے لگا۔ سمجھے نہیں آپ، ہماری مراد ہے جراثیم سے پاک کھانے۔ اب اگر ہم Germ free کھانے لکھیں تو لوگ معلوم نہیں کیا سمجھیں اس لیے فول پروف کھانے لکھ دیا تاکہ ہر ایک کی سمجھ میں آ سکے۔ میں نے سوچا کہ خود یہ دعوی بھی کتنا بڑا اور عجیب ہے کہ جراثیم سے پاک کھانا دستیاب ہے۔ خود سرکاری سطح پر بھی یہ اصطلاح اتنی ہی بے دردی سے استعمال ہوتی ہے۔ مثلاً انتخابی عمل چاہے عمومی ہو یا ضمنی الیکشن کمیشن کی طرف سے یہ بیان ضرور جاری ہوتا ہے کہ پولنگ کے لیے فول پروف انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ کسی پولیس افسر سے بات کی جائے تو یہ ضرور سننے کو ملے گا کہ ہم تو امام بارگاہوں اور مساجد کے تحفظ کے لیے فول پروف انتظامات کرتے ہیں لیکن لوگوں کو بھی دہشت گردوں پر نگاہ رکھنی چاہیے۔ صدر، وزیرِ اعظم اور وزرا کے تحفظ کے لیے ہمیشہ فول پروف انتظامات کیے جاتے ہیں۔ میں نے اسلام آباد میں سکیورٹی کے امور پر نظر رکھنے والے ایک لکھاری سے پوچھا کہ فول پروف کہے جانے والے انتظامات کے باوجود ان شخصیات پر دہشت گرد کس طرح حملے کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں ۔لکھاری نے کہا فول پروف کا یہ مطلب تھوڑی ہے کہ ان پر حملے نہیں ہوں گے۔ اس کا مطلب ہے کہ ان شخصیات کو عام آدمی سے بچایا جائے۔ یہ بات سن کر مجھے پہلی دفعہ احساس ہوا کہ فول پروف کا مطلب اصل میں ہے کیا ! |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||