BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Friday, 15 April, 2005, 12:52 GMT 17:52 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
Indian Summer کیا ہوتی ہے؟
 ’انڈین سمر‘
انڈین سمر کا تعلق بھارت سے نہیں بلکہ امریکہ کی ریڈ انڈین آبادی سے ہے
جس وقت یہ سطور لکھی جا رہی ہیں برِصغیر کے سبھی ملکوں میں گرمیوں کا موسم شروع ہو چکا ہے۔ لیکن’ٰٰپاکستانی سمر‘ یا ’بنگلہ دیشی سمر‘ کی طرح ’انڈین سمر‘ کا مطلب بھی کیا ’ بھارت کی گرمیاں ‘ ہو گا؟

لاہور میں کالج کی سطح کے ایک سو طالب علموں سے سوال کیا گیا کہ اِنڈین سمر کا مطلب کیا ہے، اُن میں سے اٹھانوے کا جواب یہی تھا کہ اس کا مطلب ہندوستان کا موسمِ گرما ہے جو کہ ظاہر ہے بہت شدید ہوتا ہے۔

لیکن یہ جواب درست نہیں۔

تو آئیے اس کا درست جواب تلاش کرنے کے لیے امریکہ چلتے ہیں کیونکہ یہ لفظ وہیں کی پیداوار ہے۔

امریکہ میں جب لفظ ’انڈین‘ بولا جاتا ہے تو سننے والے کا دھیان فوراً بھارت کی طرف نہیں جاتا بلکہ سب سے پہلے امریکہ کے قدیم مقامی باشندوں کا خیال آتا ہے جنہیں ہم ’ریڈ انڈین‘ کے نام سے جانتے ہیں۔

اسی طرح انڈین ہسٹری، انڈین کلچر، انڈین فوڈ، اور انڈین زبانوں سے بھی مراد امریکہ کے اصل باشندوں کی تاریخ، کلچر، خوراک اور زبانیں ہوتی ہیں۔

حالیہ دِنوں میں بھارت کے پھیلتے ہوئے تجارتی اور سیاسی رسوخ کے باعث امریکہ میں اِنڈین کا ثانوی مطلب یعنی ’ بھارتی‘ بھی اپنی پوزیشن مضبوط کر رہا ہے لیکن اس لفظ کے مفہومِ اول کا اعزاز آج بھی ’ریڈ انڈین‘ آبادی ہی کو حاصل ہے اور اسکے پیچھے کئی صدیوں کی تاریخ ہے۔

انگریزی کے لفظ انڈین سمر کا تعلق بھی بھارت سے نہیں بلکہ امریکہ کی ریڈ انڈین آبادی سے ہے۔ یہ لفظ سب سے پہلے کہاں اور کیسے استعمال ہوا، اس سلسلے میں تاریخ خاموش ہے البتہ یہ بات طے ہے کہ سن 1778 تک یہ لفظ عام ہو چکا تھا۔ کیونکہ اسی سال امریکہ میں مقیم ایک فرانسیسی باشندے نے اپنی یاداشتوں میں لکھا:

A severe frost follows the autumn rains. This prepares the ground to receive the snow of winter, but before the snow comes, the earth turns warm once again and there are a few days of smoke and mildness called Indian summer

یہ تحریر سوا دو سو سال پُرانی ہے لیکن اس میں انڈین سمر کی جو توضیح کی گئی ہے وہ آج بھی تسلیم کی جاتی ہے: یعنی بھرپور سردیاں شروع ہونے سے پہلے خوشگوار تمازت والے کھُلے موسم کا مختصر سا عرصہ۔

البتہ ایک محاورے کے طور پر اس کا استعمال بعد میں شروع ہوا اور انڈین سمر سے مُراد کسی طویل عمل کے خاتمے سے ذرا پہلے کا مختصر مگر خوشگوار عرصہ لیا جانے لگا مثلاً کسی ملک کی حکومت یا کسی بڑے ادارے کی انتظامیہ اپنی معیاد ختم ہونے سے پہلے ایک پُرسکون اور خوشگوار وقفے کے بارے میں یہ لفظ استعمال کر سکتی ہے:

The Indian summer of the administration.

خیال کیا جاتا ہےکہ جب یورپی آباد کار نئی دنیا میں آباد ہوئے تو انہیں وہاں کے موسموں اور آب و ہوا کے بارے میں زیادہ معلومات حاصل نہیں تھیں لیکن مقامی انڈین باشندے اپنے موسم کے سب تیور جانتے تھے چنانچہ انہی باشندوں سے آبادکاروں کو معلوم ہوا کہ بھرپور سردیاں شروع ہونے سے قبل گرم اور خوشگوار موسم کا ایک وقفہ آتا ہے چنانچہ آباد کاروں نے اِنڈین باشندوں کی نسبت سے اس موسم کو انڈین سمر کہنا شروع کر دیا۔

انڈین سمر کا نظارہ پورے طور پر امریکہ کی شمالی ریاستوں میں کیا جا سکتا ہے جہان اکتوبر کے آخری دنوں میں سردی غائب ہو جاتی ہے اور ایک گرم سی دھند ماحول کو لپیٹ میں لے لیتی ہے۔

انڈین سمر کا لفظ انیسویں صدی کے شروع میں انگلستان پہنچا لیکن یہاں زیادہ تر اسکا استعمال محاورے کے طور پر ہی ہوا۔ انگلستان اور بحیرہ روم کے نواحی علاقوں میں بھی اکتوبر نومبر میں انڈین سمر کی جھلک دیکھی جا سکتی ہے لیکن یہاں اس کیفیت کے لیے ایک اور لفظ بھی استعمال ہوتا ہے۔ اور وہ ہے

Saint Martin's summer

اور اسکی وجہ تسمیہ یہ ہے کہ گیارہ نومبر کو یومِ سینٹ مارٹن منایا جاتا ہے چُنانچہ سردیوں کی آمد سے قبل کے اس بہاریہ وقفے کو اسی سینٹ کے نام سے موسوم کر دیا گیا ہے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد