’پیار کا پاسپورٹ‘ نام ہے ایک ڈرامے کا جو بی بی سی اردو سروس سے پیر چھ مارچ سے روزانہ نشر کیا جائےگا۔ یہ ڈرامہ بی بی سی ورلڈ سروس ٹرسٹ کے ایک پائلٹ پراجیکٹ کا حصہ ہے جس کا مقصد شادی، فیملی، انسانی حقوق اور منشیات کے استعمال کے علاوہ کئی دیگر معاشرتی مسائل کو اجاگر کرنا ہے۔ ڈرامے کی کہانی پاکستان کے صوبہ پنجاب ایک خاندان کے گرد گھومتی ہے جس کا ایک حصہ برطانیہ میں مقیم ہے جبکہ دوسرا پاکستان میں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ڈرامے کے پلاٹ کو بنیاد بناتے ہوئے مذاکروں، سامعین کی ٹیلیفون کالوں اور ان کی تحریروں کے ذریعے پاکستان میں معاشرتی مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کی جائے۔ اندرون ملک کے علاوہ بیرون ممالک خصوصاً برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو بھی ان مباحثوں یا ڈبیٹس میں شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ’پیار کا پاسپورٹ‘ کی تیاری میں اس بات کی بھرپور کوشش کی گئی ہے کہ اس میں وہ ایشوز اجاگر کیے جائیں جن کا تعلق لوگوں کی حقیقی زندگی سے ہو۔ بی بی سی اردو سروس کے علاوہ یہ ڈرامہ پاکستان کے کچھ ایف ایم ریڈیو سٹیشنوں سے بھی سنا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ ہماری اس ویب سائٹ پر بھی آپ یہ قسط وار ڈرامہ سن سکیں گے۔ ’پیار کا پاسپورٹ‘ کے لکھنے والوں میں پاکستان کے تجربہ کار ڈرامہ نویس اور نئے لکھنے والے دونوں شامل ہیں۔ مشہور ڈرامہ نگار نورالہداٰ شاہ کے علاوہ اس ٹیم میں رخسانہ احمد، بی بی سی کے عارف وقار اورصحافی نبیلا مالک بھی شامل ہیں۔ سکپرٹ رائیٹرز کی اس ٹیم نے بی بی سی کی ڈرامہ پروڈیوسرجسیکا ڈرومگول اور نوجوان فلمساز فرجاد نبی کےساتھ مل کر پاکستان میں ڈرامے کو مکمل کیا ہے۔ |