ناسا ڈائری: روور کا دماغ یعنی میموری | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
آج بھی ناسا پہنچتے ہی ہم نے مریخ سے آئی ہوئی تصویروں کا تجزیہ کرنا شروع کردیا۔ آپ سوچ رہے ہونگے کہ ہرروز کیا ہم ایک ہی کام کرتے ہیں؟ لیکن اصل میں ہر تصویر ایک الگ تصویر ہوتی ہے جس سے نئی جانکاری حاصل ہوسکتی ہے۔ آپ سوچ سکتے ہیں کہ کتنی زیادہ تصویریں ہونگی، ہر تصویر کو ٹھیک طریقے سے دیکھنے میں کافی وقت لگتا ہے۔ جب ساری تصویریں دیکھ کر چن لی جائیں گی تو ہم ان سے ایک فلم بنائیں گے تاکہ لوگ دیکھ سکیں کہ روور کی آنکھ سے مریخ کیسا دکھائی دیتا ہے۔ پھر یہ فلم انٹرنیٹ پر شائع کی جائے گی جسے سب لوگ آسانی سے دیکھ سکیں گے۔ ناسا میں ہر روز ایک جیسی میٹِنگ ہوتی ہے لیکن ہر روز اس دِن مریخ سے آنیوالی تصاویر اور مریخ پر روور کے کام کاج کا تجزیہ کیا جاتا ہے اور پھر آگے کا منصوبہ بنایا جاتا ہے۔ آج کی میٹِنگ میں اس بات پر بات ہوئی کہ روور کے دماغ یعنی میموری کے مسائل کیا ہیں۔ روور کے دماغ میں ہی ساری تصاویر اور معلومات جمع ہوتی ہیں۔ آج ایک سائنسدان نے ہمیں بتایا کہ روور کی میموری کتنی ہوتی ہے، اس میں کتنی فائلیں آسکتی ہیں، اب تک کتنی میموری صرف ہوچکی ہے۔آٹھ ہزار سے زیادہ فائلیں نہیں بن سکتیں، سائنسدان ان باتوں کا دھیان رکھتے ہیں۔ ہم آج مِشن کنٹرول بھی گئے جہاں سے مریخ پر موجود روور کو سارے کمانڈ دیے جاتے ہیں۔ یہ بہت اچھی جگہ ہے۔ مِشن مینیجر مارک ایڈلر نے ہمیں سب کچھ بتایا کہ وہاں کس طرح کام کرتے ہیں، وہ اس وقت بہت مصروف نہیں تھے، وہ اسی وقت مصروف ہوتے ہیں جب مریخ سے معلومات آرہی ہوتی ہیں۔ اس کے بعد ہم ڈاؤن لِنک اسیسمنٹ میٹِنگ میں گئے جہاں مریخ سے آنیوالی تازہ جانکاری پر بحث ہوتی ہے۔ اس میٹِنگ میں ہر روز آنیوالی معلومات، روور کس مقام پر ہے، یہ سب کچھ بتایا جاتا ہے۔ آج ہم جہاں بیٹھے تھے وہاں سے بہت کچھ صاف نہیں دکھائی دے رہا تھا۔ لیکن سائنسدانوں نے تفصیلات کے ساتھ روور کے حدود کے بارے میں بتایا اور اس بارے میں بات ہوئی کہ کن حدود میں روور کو کام کرنا پڑتا ہے۔ آج روور نے مریخ پر کافی لمبا سفر طے کیا۔ آج سائنسدانوں نے تجربے نہیں کیے، اور روور صرف ایک جگہ سے دوسرے مقام تک چلتا رہا۔ بعد میں ایک سائنسدان نے بتایا کہ مریخ پر روور کا یہ سفر کسی بھی سیارے پر سب سے طویل سفر تھا۔ اس پر لوگوں نے خوشی میں تالیاں بجائیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||