’ٹی ٹی پی کو ختم کریں، پولیو ختم کردوں گا‘

بلاول بھٹو زرداری اکثر مسائل پر ٹوئٹر کے ذریعے اظہار خیال کرتے رہتے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنبلاول بھٹو زرداری اکثر مسائل پر ٹوئٹر کے ذریعے اظہار خیال کرتے رہتے ہیں
    • مصنف, طاہر عمران
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

کراچی میں انسدادِ پولیو مہم کے کارکنوں پر حملے کے بعد حکام پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان کو ختم کردیں، ملک سے پولیو ختم ہو جائے گا۔

کراچی میں انسدادِ پولیو مہم کے کارکنوں پر حملے میں دو خواتین سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد کراچی میں پولیو مہم معطل کر دی گئی ہے۔

اس خبر پر جہاں مختلف حلقوں سے ردِ عمل سامنے آیا، وہیں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حسبِ معمول ٹوئٹر کے ذریعے اپنی رائے کا اظہار کیا۔

انھوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا: ’ٹی ٹی پی کا خاتمہ کر دیں اور ہم پولیو کا خاتمہ کر دیں گے۔ ٹی ٹی پی کا خاتمہ کر دیں اور ڈرون حملے رک جائیں گے۔ ٹی ٹی پی کا خاتمہ کر دیں اور ہم دہشت گردی ختم کر دیں گے۔ ٹی ٹی پی کے خلاف متحد ہونے کا وقت آ گیا ہے۔‘

بلاول نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا: ’قوم کے لیے کیا آپشن رہ گیا ہے جب ان کے رہنما ہی اس بات پر متفق نہیں ہو سکتے کہ ٹی ٹی پی کے جو پولیو کے کارکنوں کو مارتے ہیں ان کا ایک بار خاتمہ کر کے معاملہ ختم کر دیا جائے۔‘

اس ٹویٹ کے جواب میں سکیورٹی معاملات پر نظر رکھنے والے ایک صارف عبداللہ سعد نے ٹویٹ کی کہ ’یہ بات مکمل طور پر درست نہیں ہے۔ مشکل سے ایک فیصد ڈرون حملے ٹی ٹی پی کو نشانہ بنانے کے لیے ہوتے ہیں۔ وہ جاری رہیں گے۔‘

ایک اور ٹویٹ مصنف قاسم رشید نے کی: ’ملک کے غیر مساویانہ قوانین کو ختم کر دیں تو آپ دہشت گردوں کے ہاتھوں سے قوت چھین لیں گے۔‘

ٹوئٹر صارف بلال نے ٹویٹ میں لکھا: ’ٹی ٹی پی کا خاتمہ؟ جی ہاں، یہ ہم آپ کے لیے کر دیتے ہیں۔ تب تک آپ لندن یا دبئی میں عیش کریں، جیسے آپ گذشتہ کئی سال سے کر رہے ہیں۔‘

کالم نگار رؤف کلاسرا نے ٹویٹ کی: ’پولیو کے کارکنوں کو وحشیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے اور سندھ کے وزرا بلٹ پروف گاڑیوں پر محافظوں کی فوج کے ساتھ پھرتے ہیں، اور بلاول کے پاس ٹویٹ کے لیے وقت ہے۔‘