 | | | دونوں ہوٹلوں میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات ہوں گے |
گزشتہ ماہ ممبئی میں دہشت گردی کے حملوں کا نشانہ بننے والے دو ہوٹل دوبارہ کھولے جا رہے ہیں۔ یہ دونوں ہوٹل ممبئی حملوں کے نتیجے میں بری طرح متاثر ہوئے تھے اور ان کی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔ممبئی حملوں میں ایک سو ستر افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ٹرائیڈینٹ-اوبیروئے اور تاج محل پیلس ہوٹل بھارتی شہر ممبئی میں ان اہم ترین مقامات پر واقع تھے جہاں دس دہشت گردوں نے ان ہوٹلوں میں موجود افراد کو یرغمال بنا کر رکھا تھا۔ یہاں پولیس اور بعد میں فوجی کمانڈوز اور دہشت گردوں کے درمیان خوفناک لڑائی جاری رہی اور فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا جو کئی دن جاری رہا۔ اب ان ہوٹلوں میں تربیت یافتہ کتے اور مسلح گارڈز پہرہ پر ہوں گے جبکہ مہمانوں کے بیگ چیک کرنے کے لیے خصوصی ایکسرے مشینیں بھی نصب کی گئی ہیں۔ ان دونوں ہوٹلوں میں فائرنگ کے نتیجے میں عملے کے اراکین کے ساتھ ساتھ مہمان بھی ہلاک ہوئے تھے جن کی تعداد اسی ہے۔ فی الحال کرسمس کے موقع پر دنوں ہوٹلوں کے ان حصوں کو کھولا جا رہا ہے جن کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا تھا۔ اتوار کو تاج ہوٹل کھولے جانے کے موقع پر انتظامیہ کے مطابق ایک ہزار مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے جہاں دو سو اڑسٹھ کمرے دستیاب ہوں گے۔ ٹرائیڈینٹ ہوٹل کے صدر کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے عملے کے چھبیس سے انتیس نومبر کے درمیان کام کرنے پر بہت فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کی رات ہوٹل کے پانچ سو پچاس کمروں میں سے سو کمروں میں مہمان ہوں گے۔ ہوٹل میں نگرانی کے نظام، دستی اور دیگر سامان کی نگرانی کے سکینر اور کڑی سکیورٹی کا انتظام کیا گیا ہے۔ |