ریحانہ بستی والا بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، ممبئی |  |
 | | | پولیس کے مطابق ہر حملہ آور کے پاس دس کلو آر ڈی ایکس سے بنا بم تھا |
ممبئی کرائم برانچ کے ایک اعلیٰ افسر کے مطابق اگر ضرورت ہوئی تو گرفتار شدت پسند اجمل عامر جسے اعظم امیر قصاب بھی کہا جا رہا ہے کا نارکو ٹیسٹ کیا جائے گا۔اجمل ممبئی حملوں کا واحد شدت پسند ہے جسے پولیس گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔ اجمل سے اس وقت ممبئی کرائم برانچ کے افسران حملوں کی تفتیش کر رہے ہیں۔ پولیس افسر کے مطابق تفتیش کے دوران جو باتیں سامنے آئی ہیں اس سے پتہ چلا ہے کہ جو دس حملہ آور ممبئی میں آئے تھے ہر ایک کے پاس دس کلو آر ڈی ایکس سے بنا بم تھا۔ جس میں سے دو بم گزشتہ روز وی ٹی سٹیشن سے برآمد ہوئے بقیہ کو پولیس نے ان حملوں کے دوران ہی ہوٹل تاج ، ہوٹل اوبیرائے کیفے لیوپولڈ کے پاس سے برآمد کیا تھا۔ ممبئی میں ابھی بھی غیر ملکی تفتیشی ایجنسیاں موجود ہیں جو ممبئی حملوں کی تفتیش میں کرائم برانچ کی مدد کر رہی ہیں۔ کرائم برانچ افسر کے مطابق اجمل سے تفتیش کے دوران جو معلومات انہیں حاصل ہوتی ہے وہ اسے دیگر تفتیشی ایجنسیوں کے ساتھ بانٹتے ہیں۔ ممبئی حملوں کی سازش کس نے بنائی اور کیا اس میں کسی خاص تنظیم کے ملوث ہونے کے ثبوت ملے ہیں اس پر ایڈیشنل پولیس کمشنر کرائم دیوین بھارتی نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ کسی بھی طرح کی اطلاع میڈیا سے شیئر نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ تفتیش کے دوران جو نام سامنے آرہے ہیں وہ اسے مرکزی تفتیشی ایجنسی کو بتا دیتے ہیں۔ |