 | | | بھارتی ذرائع ابلاغ میں یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کے بھارت نومنتخب امریکی صدر کو نظر انداز کر رہا ہے |
امریکہ کے نو منتخب صدر باراک اوباما نے بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ سے فون پر بات کی ہے اور ان سے کہا کہ ان کی انتظامیہ تمام اہم عالمی امور پر بھارت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہے گی۔ مسٹر اوباما نے بدھ کی صبح اس وقت بھارتی وزیراعظم سے بات کی جب بھارتی ذرائع ابلاغ میں یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کے بھارت نومنتخب امریکی صدر کو نظر انداز کر رہا ہے۔ من موہن سنگھ نے امریکی نو منتخب صدر کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ ان کا میابی سے دنیا بھر میں دبے ہوئے لوگوں کو تحریک ملے گی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ وہ جلد ہی بھارت کا دورہ کریں گے۔ بھارتی وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ دوران گفتگو باراک اوباما نے کہا کہ ہند امریکہ تعلقات حکمتِ عملی کے اعتبار سے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ بیان کے مطابق’بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ بھارت اور امریکہ کے تعلقات بہت اچھے ہیں لیکن ہم موجودہ حالت سے مطمئن نہیں ہیں‘۔ امریکہ اور بھارت کے درمیان سول نیوکلئر معاہدے اور امریکی کانگریس سے اس کی توثیق کے بعد سے تعلقات خاصے آگے بڑھے ہیں۔ اس معاہدے پر دستخط کے بعد بھارت کی ایٹمی تنہائی ختم ہوئی ہے اور دنیا کی اس بڑی جمہوریت کو اپنے تئیں چھٹی ایٹمی قوت کا درجہ حاصل ہو گیا ہے۔ تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ اس معاہدے سے دونوں ملکوں کے درمیان قربت میں اضافہ ہو گا اور دونوں ایشیا اور دنیا بھر میں اپنے مشترکہ مفادات کے لیے مل کر زیادہ کام کر سکیں گے۔ |