ریحانہ بستی والا بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی |  |
 | | | امبانی اب تریسٹھ ارب بیس کروڑ ڈالر کے مالک بن چکے ہیں۔ |
انڈیا کے صنعت کار مکیش امبانی اب دنیا کے امیر ترین آدمی بن گئے ہیں۔ پیر کو بمبئی سٹاک ایکسچینج میں حصص کی قیمتوں میں جو زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اس کے نتیجے میں ریلائنس کمپنی کے حصص کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا۔ امبانی اب تریسٹھ ارب بیس کروڑ ڈالر کے مالک بن چکے ہیں۔ انڈین کرنسی میں ان کی دولت دو لاکھ 49 ہزار ایک سو آٹھ کروڑ روپے ہے۔ امبانی سے پہلے امریکی سافٹ وئر کمپنی مائیکرو سافٹ کے مالک بل گیٹس اور میکسیکو کے سرمایہ کار کارلوس سلم امیر ترین لوگوں میں سرِ فہرست تھے۔ گیٹس کی مجموعی املاک اس وقت باسٹھ ارب انتیس کروڑ ڈالر ہے جب کہ سلم اور گیٹس کی املاک میں زیادہ فرق نہیں ہے۔ امبانی کے حصص کی قیمتوں میں گزشتہ چند ہفتوں سے زبردست اضافہ ہو رہا تھا۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے امبانی کی ریلائنس انڈسٹریز، ریلائنس پیٹرولیم اور ریلائنس انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کی جس کی وجہ سے ان کے حصص کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا۔ اس وقت بازار میں آئی آر ایل کا حصہ دو لاکھ دس ہزار کروڑ ڈالر ہے جبکہ آر پی ایل کا حصہ سینتس ہزار پانچ سو کروڑ اور ریلائنس انفراسٹرکچردو ہزار ایک سو کروڑ کے حصے کے ساتھ اہم کمپنیاں بن چکی ہیں۔ ریلائنس کمپنی کے حصص پر نظر رکھنے والے تجزیہ کار پیتامبر آہوجہ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیر کا دن انڈیا اور اس کے سرمایہ کاروں کے لیے ایک بہترین دن ہے۔ امبانی نے بہت کم وقت میں اتنا بڑا مقام حاصل کر لیا۔آہوجہ کو یقین ہے کہ ابھی شئرز بازار اور اوپر جائے گا۔
 | | | میکسیکو کے سرمایہ کار کارلوس سلم امیر ترین لوگوں میں سرِ فہرست تھے۔ |
آہوجہ کے مطابق ’لیکن مشکل اس وقت پیدا ہو سکتی ہے جب بازار سے غیر ملکی سرمایہ کار اپنا پیسہ واپس لے لیں گے وہ ہمارے بازار میں اس لیے سرمایہ کاری کر رہے ہیں کہ ہماری ترقی کی شرح نو فیصد ہو چکی ہے‘ ۔ریلائنس پیٹرولیم کے بارے میں آہوجہ کا کہنا تھا کہ ابھی یہ کمپنی شروع نہیں ہوئی ہے لیکن پیر کو اس کے حصص کی قیمت دو سو بائیس روپے ہو چکی ہے۔ اس کمپنی کے شروع ہونے پر اس کے حصص بہت مہنگے ہو سکتے ہیں کیونکہ سرمایہ کار آج کل تیل پر سرمایہ کاری کرنے میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ امبانی نے برطانیہ میں مقیم این آر آئی لکشمی متل کو مات دی تھی۔ امبانی سے قبل وہ دنیا میں انڈیا کے امیر ترین شخص تھے۔ |