اسلحہ ڈپو میں آگ سے 30 ہزار متاثر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جنوبی کشمیر کے کھندرو اچھہ ول گاؤں میں واقع ایک وسیع و عریض فوجی اسلحہ ڈپو میں گیارہ اگست کو لگی آگ کے نتیجے میں غیر سرکاری انجمنوں نے تیس ہزار افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ سرکارنے یہ تعداد صرف چھبیس ہزار بتائی ہے۔ متاثرین کے عارضی قیام کےلئے مختلف مقامات پر خیمہ بستیاں قائم کی گئی ہیں۔ کھندرو بستی سے ملحقہ گاؤں جوگی گنڈ میں قائم اس خیمہ بستی میں ڈھائی سو کنبوں پر مشتمل ڈیڑھ ہزار افراد پناہ گزیں ہیں۔ ان میں بیشتر زخمی بھی ہیں اور کئی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ خیمہ بستیوں میں سماجی بہبود کے سرکاری شعبہ کے علاوہ مقامی لوگ بھی متاثرین کےلیئے کھانے پینے کا انتظام کرتے ہیں۔ خیموں کی کمی ایک بڑا مسئلہ ہے۔
اوسطاً پندرہ سے بیس افراد پر مشتمل چار کنبوں کو ایک خیمہ مہیا کیا جاتا ہے۔ پناہ گزینوں کا کہنا ہے کہ آٹھ فٹ بائی آٹھ فٹ کا خیمہ اتنے لوگوں کے لئے ناکافی ہے۔ پچاسی سالہ زونہ کے پوتے کی شادی میں چار دن تھے کہ اسلحہ ڈپو میں آگ لگ گئی۔ زونہ کہتی ہے کہ اس کے بچپن میں بھی ایک مرتبہ کھندرو اسلحہ ڈپو میں آگ لگی تھی۔ زونہ کو پوری طرح سال اور مہینہ یاد نہیں۔ وہ اپنی بہو، چار بیٹیوں اور تین بیٹوں کے ساتھ دیگر تین کنبوں کے ہمراہ اسی خیمہ میں رہتی ہیں۔ کھندرو اور ملحقہ دیہات کے لوگوں کا کہنا ہے کہ فوجی اسلحہ خانہ اور دوسری چھاؤنیوں کی وجہ سے یہاں کی مقامی اقتصادیات پنپ نہیں پائی ہے۔ ایک مقامی استاد جنہوں نےنام شائع نہ کرنے کی شرط پر کہا ہے کہ یہاں اٹھانوے فی صد لوگ مزدوری کرتے ہیں کیونکہ پندرہ ہزار کنال سے زائد رقبہ اسلحہ خانہ اور فوجی چھاؤنیوں کے قبضہ میں ہے۔
خیمہ بستیوں میں مقیم متاثرین نےاسلحہ ڈپو ہٹانے کے لئے تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ غلام نبی آزاد نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے اس سلسلے میں ہندوستانی وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے ساتھ بات کی ہے۔ گو میڈیا میں کھندرو سانحہ کی محدود کوریج سے یہ معاملہ سرخیوں میں نہیں رہا ہے، لیکن آس پاس کے دیہات سے بھاری تعداد میں لوگ رضاکارانہ امداد کے لئے روزانہ وہاں جاتے ہیں۔ فوج نے دو سو پچیس مربع کلومیٹر کو خطرناک قرار دے کر صفائی کا کام شروع کردیا ہے۔ متاثرین دن کے دوران پیدل جاکر اپنے گھروں اور مال و اسباب کا معائنہ کرتے ہیں اور رات خیموں میں گزارتے ہیں۔ | اسی بارے میں اسلحہ ڈپو آگ، ہلاکتیں 20ہو گئیں14 August, 2007 | انڈیا اسلحہ ڈپو آگ، بحالی چھ ماہ میں13 August, 2007 | انڈیا انچاس افراد کی شناخت: بارہ کے نام جاری20 February, 2007 | انڈیا ٹرین میں تخریب کاری: 66 ہلاک19 February, 2007 | انڈیا ریفائنری میں آگ زنی، چار ہلاک01 February, 2007 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||