93 دھماکے: دو مجرموں کو عمرقید | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انیس سو ترانوے ممبئی بم دھماکوں کے دو اور مجرمین کو ٹاڈا کی خصوصی عدالت نے منگل کے روز بامشقت عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ اس معاملے میں اب تک نو مجرمان کو عمر قید کی سزا سنائی جا چکی ہے اور سو میں سے اب صرف بتیس مجرموں کی قسمت کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔ خصوصی جج پرمود دتاتریہ کوڈے نے منگل کو جن پانچ مجرمان کو سزا سنائی ان میں پرویز ذوالفقار قریشی اور سلیم میرا شیخ عرف سلیم کتا کو عمر قید کی سزا دی گئی ہے۔ ان پر بالترتیب پچاس ہزار اور ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گيا ہے۔ پرویز اور سلیم کے لیے استغاثہ نے موت کی سزا کا مطالبہ کیا تھا۔ تفتیشی ایجنسی سی بی آئی کے مطابق مجرم پرویز نے رائے گڑھ کے ساحل شیکھاڑی میں اسلحہ اور آر ڈی ایکس کی لینڈنگ میں حصہ لیا تھا اور اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان جا کر تربیت بھی حاصل کی تھی۔ مجرم سلیم پر بھی پاکستان جا کر تربیت حاصل کرنے، دیگھی کے ساحل پر آرڈی ایکس اتروانے، ممبئی کے ایک ہوٹل میں دھماکہ کی سازش کے لیے میٹنگ میں حصہ لینے اور پولیس افسران کو رشوت دینے جیسے جرم ثابت ہوئے تھے۔ عدالت نے حاجی نور محمد خان کو پانچ سال قید اور ڈیڑھ لاکھ روپیہ جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنائی ہے۔ کاشی میرا علاقے میں ان کےگودام میں آر ڈی ایکس کو چھپایا گیا تھا جسے بعد میں انہوں نے ضائع کر دیا تھا۔ پانچویں مجرم الطاف علی مشتاق علی کو ہینڈ گرینیڈ اور ڈیٹونیٹر رکھنے کے جرم میں عدالت نے دس سال قید بامشقت اور ڈھائی لاکھ روپیہ جرمانہ کی سزا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق فلم سٹار سنجے دت کی قسمت کا فیصلہ جمعہ کے روز ہو گا۔ پروبیشن آف اوفینڈرز ایکٹ افسر نے عدالت کو سنجے اور ان کے تین ساتھیوں کے بارے میں رپورٹ پیش کر دی ہے۔ واضح رہے کہ سنجے نے مذکورہ قانون کے تحت رہائی کا مطالبہ کیا تھا اور عدالت نے ان کی اس اپیل کو منظور کرتے ہوئے ایک افسر کو مقرر کیا تھا اور انہیں سنجے اور ان کے ساتھیوں کے جیل کی قید کے دوران اور اس کے بعد ان کے اخلاق کی رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کے لیے کہا تھا۔ | اسی بارے میں سنجے دت: اسلحہ دینے والے کو سزا01 June, 2007 | انڈیا 93 دھماکے: اسلحہ اتارنے والوں کوسزا 24 May, 2007 | انڈیا 93 دھماکے: کسٹم افسران کو سزائیں23 May, 2007 | انڈیا 93 ممبئی دھماکے: مزید چھ کو سزا22 May, 2007 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||